روزگار کی فراہمی،آمدن میں اضافہ صنعتی ترقی کے بغیر ممکن نہیں، وزیراعظم

اسلام آباد:(بیورورپورٹ)وزیراعظم شہباز شریف نے کہا ہے کاروباری برادری نے مشکل وقت میں حکومتی پالیسیوں کا ساتھ دیا،معاشی ترقی، روزگار کی فراہمی اور آمدن میں اضافہ صنعتی ترقی کے بغیر ممکن نہیں۔

ملکی صنعتی ترقی پر قائم نجی شعبے کی کمیٹی کا پہلا جائزہ اجلاس وزیراعظم شہباز شریف کی زیرصدارت ہوا، اصنعتی ترقی کیلئے سفارشات پیش کی گئیں، وزیراعظم نے کہا ملکی معاشی ترقی، روزگار کی فراہمی اور آمدن میں اضافہ صنعتی ترقی کے بغیر ممکن نہیں، کاروبار میں آسانی اور سرمایہ کاری میں اضافے کےلئے اقدامات حکومت کی اولین ترجیحات ہیں، ملکی صنعتی ترقی کےلئے نجی شعبے کی تجاویز کلیدی اہمیت رکھتی ہیں،کاروباری حضرات کی جانب سے صنعتی ترقی کےلئے عرق ریزی سے تجاویز تیار کی گئیں، جو لائق تحسین ہیں، تجاویز کا بغور مشاہدہ کرکے عملدرآمد کا لائحہ عمل تیار کیا جائے گا۔

اجلاس میں اظہار خیال کرتے ہوئے وزیراعظم نے کہا پاکستانی کاروباری برادری نے مشکل وقت میں حکومتی پالیسیوں کا ساتھ دیا، ملک کو معاشی بحرانوں سے نکالنے میں معاونت کی، اللہ کے فضل و کرم سے ملک کی معاشی سمت بہتر اور ملک ترقی کی جانب گامزن ہے، مگر ملکی ترقی کےلئے مزید محنت کرنا ہوگی،اجلاس کو پاکستان کی صنعتی ترقی اور ملک میں سرمایہ کاری میں اضافے کےلئے پالیسی تجاویز پیش کی گئیں، ملکی صنعت کی مسابقت میں اضافے کےلئے خطے کے ممالک سے موازنہ بھی پیش کیا گیا،وزیر اعظم نے معیشت کے دیگر شعبوں پرسفارشات کے ساتھ نئی تجاویز کو سراہتے ہوئے قومی پالیسی فریم ورک میں شامل کرنے کی ہدایت کردی۔

دریں اثناوزیراعظم شہباز شریف سے سندھ کے وزیراطلاعات شرجیل میمن نے ملاقات کی،سیاسی صورتحال پر تبادلہ خیال کیا گیا۔