اسلام آباد (بیورو رپورٹ) پی آئی اے کی نیلامی کےلئے4 کمپنیوں نے کوالیفائی کرلیا، 75 فیصد شیئرز نیلام کیے جائیں گے، نجکاری کے بعد پی آئی اے کا نام اور تھیم تبدیل نہیں ہوگی، 4 سال میں طیاروں کی تعداد 18 سے بڑھا کر 38 کردی جائے گی، وزیراعظم شہباز شریف کی زیر صدارت پاکستان انٹرنیشنل ایئرلائن کے امور پر اہم اجلاس ہوا، وزیراعظم نے قومی ایئر لائن کی نجکاری کے حوالے سے تمام مراحل تیز رفتاری اور شفاف طریقے سے مکمل کرنے کی ہدایت کردی،وزیراعظم نے پی آئی اے کی فلیٹ میں قابل پرواز طیاروں کی تعداد بڑھانے کےلئے لائحہ عمل ترتیب دینے اور کی پروازوں کی بروقت روانگی یقینی بنانے کی بھی ہدایت دی،اجلاس کو پی آئی اے کی نجکاری اور اس حوالے سے بزنس پلان پر تفصیلی بریفنگ دی گئی اور بتایا گیا پی آئی اے کی نجکاری کے حوالے سے 4 پارٹیز کو پری کوالیفائی کیا گیا ہے، جلد پی آئی اے کی نجکاری کے حوالے سے نیلامی ہوگی جس میں پی آئی اے کے 75 فیصد شیئرز کی نجکاری کی جائے گی،نجکاری کےعمل میں شرط رکھی گئی ہے نجکاری کے بعد پی آئی اے کا نام اور اس کی تھیم نہیں بدلی جائےگی، بزنس پلان کے تحت 2029 میں پی آئی اے فلیٹ میں قابل پرواز طیاروں کی تعداد 18 سے بڑھا کر 38 کی جائےگی،بریفنگ میں مزید بتایا گیا قومی ایئر لائن 30 سے زائد شہروں میں سروس مہیا کر رہی ہے، بزنس پلان کی تحت 2029 تک پی آئی اے کی سروس 40 سے زائد شہروں تک بڑھائی جائے گی۔
پی آئی اے کے 75 فیصد شیئرز نیلام ہونگے، نام ، تھیم تبدیل نہ کرنے کی شرط عائد



















