اشرافیہ پالیسوں پرقابض، کرپشن پاکستان کی ترقی میں بڑی رکاوٹ ہے: آئی ایم ایف رپورٹ

اسلام آباد (بیورو رپورٹ) آئی ایم ایف نے رپورٹ میں کہاہے پاکستان میں کرپشن مستقل چیلنج ،سیاسی اور معاشی اشرافیہ سرکاری پالیسوں پرقبضہ کرکے معاشی ترقی میں رکاوٹ ڈال رہی ہے،آئی ایم ایف نے پاکستان میں گورننس اور بدعنوانی سے متعلق رپورٹ جاری کردی جس میں پاکستان میں مسلسل بدعنوانی کے خدشات کی نشاندہی کرتے ہوئے آئی ایم ایف کا 15 نکاتی اصلاحاتی ایجنڈا فوری شروع کرنے کا مطالبہ کیا گیا ہے جبکہ رپورٹ کا دائرہ صرف وفاقی سطح کی کرپشن اور گورننس تک محدود ہے،رپورٹ میں اہم سرکاری اداروں کو حکومتی ٹھیکوں میں خصوصی مراعات ختم کرنے، ایس آئی ایف سی کے فیصلوں میں شفافیت بڑھانے، حکومت کے مالیاتی اختیارات پر سخت پارلیمانی نگرانی کی سفارش کی گئی ہے جبکہ انسداد بدعنوانی اداروں میں اصلاحات کی ضرورت پر زور دیا گیا ہے،آئی ایم ایف نے ایس آئی ایف سی کے اختیارات، استثنیٰ اور شفافیت پر سوالات اٹھاتے ہوئے ایس آئی ایف سی کی جانب سے سالانہ رپورٹ فوری جاری کرنے کا مطالبہ کیا، رپورٹ میں تمام سرکاری خریداری بھی 12 ماہ میں ای گورننس سسٹم پر لانے کی ہدایت کرتے ہوئے کہا گیا پالیسی سازی اور عملدرآمد میں زیادہ شفافیت اور جواب دہی ضروری ہے، سیاسی اور معاشی اشرافیہ سرکاری پالیسوں پر قبضہ کرکے معاشی ترقی میں رکاوٹ ڈال رہی ہیں، اشرافیہ اپنی جیبیں بھرنے کےلئے معاشی ترقی میں رکاوٹ ڈال رہی ہیں، کرپشن کی نذر ہونے والی رقم سے پاکستان میں پیداوار اور ترقی میں اضافہ ہو سکتا ہے،گورننس اور کرپشن سے متعلق رپورٹ میں کہا گیا کہ گورننس بہتر بنانے سے نمایاں معاشی فائدے حاصل ہوں گے، اصلاحات سے پاکستان کی معیشت 5 سے 6.5 فیصد تک بہتر ہوسکتی ہے اور پاکستان 5 سال میں 6.5 فیصد تک جی ڈی پی میں اضافہ کرسکتا ہے،رپورٹ کے مطابق ٹیکس سسٹم پیچیدہ، کمزور انتظام اور نگرانی بدعنوانی کا باعث ہے، عدالتی نظام کی پیچیدگی اور تاخیر معاشی سرگرمیوں کو متاثر کرتی ہے، ٹیکس ٹو جی ڈی پی تناسب میں کمی بدعنوانی کے خطرات کی علامت ہے جب کہ بجٹ اور اخراجات میں بڑے فرق سے حکومتی مالیاتی شفافیت پر سوالات ہیں،گورننس اور کرپشن رپورٹ میں کہا گیا ہے اینٹی کرپشن پالیسیوں میں تسلسل کی کمی اور غیر جانبداری سے اداروں پر عوام کا اعتماد ختم ہورہا ہے، پاکستانیوں کو سروسز کے حصولی کی خاطر مسلسل ادائیگیاں کرنا پڑتی ہے، حکومتی اور بیوروکریسی کے زیر اثر اضلاع کو زیادہ ترقیاتی فنڈ ملے ہیں،سرکاری عہدوں پر فائز شوگر ملز مالکان نے مسابقت کی قیمت پر اپنے کام کو منافع بخش رکھا، شوگر مل مالکان نے ذخیرہ اندوزی، قیمتوں میں مصنوعی اضافہ اور جعلی اکاﺅنٹس کے ذریعے منی لانڈرنگ جیسے اقدامات سے اربوں کمائے،عوام قیمتوں کے بحران کاشکار ہوئے اورف شواہد کے باوجود موثر احتساب نہیں ہوا،عوام عدلیہ کو ملک کے سب سے زیادہ بدعنوان اداروں میں شمار کرتے ہیں، عدالتی نظام میں عدم شفافیت، کمزور کارکردگی اور نااہلی انصاف کی فراہمی کو متاثرکرتی ہے،آئی ایم ایف نے تجویز کیا عدالتی افسران کی کارکردگی اور اخلاقی معیارکی نگرانی کا نظام مضبوط بنایا جائے،رپورٹ میں ججوں کی تقرری کے طریقہ کار میں حالیہ تبدیلیوں کا حوالہ دیتے ہوئے کہا گیا اگر شفاف اصول نہ بنائے گئے تو عدلیہ کی آزادی پرخدشات بڑھ سکتے ہیں، ججوں کی تقرری کیلئے واضح، شفاف اور میرٹ پر مبنی معیار وضع کیا جائے،ٹیکس نظام کی پیچیدگی، سرکاری اخراجات و مالیاتی انتظام میں کمزوریاں، پبلک پروکیورمنٹ اور ریاستی اداروں کی نگرانی کافقدان ملک میں بدعنوانی کے بڑے محرکات ہیں، بدعنوانی نہ صرف عوامی خدمات کو متاثرکرتی ہے بلکہ معاشی ترقی،سرمایہ کاری اور قومی وسائل کے موثر استعمال میں بھی رکاوٹ بنتی ہے،گورننس اور کرپشن رپورٹ میں کہا گیا عدالتی نظام میں پرانے قوانین، ججوں، عدالتی عملے کی دیانتداری کے مسائل ہیں جس کے باعث قابل اعتماد طریقے سے معاہدوں کونافذ کرنے یاجائیداد کے حقوق کا تحفظ کرنے کے قابل نہیں ، کرپشن کو پاکستان میں عدالتی کارکردگی کو متاثر کرنے اور قانون کی حکمرانی کونقصان پہنچانے والے اہم عنصر کے طور پر دیکھا جاتا ہے،بہتر گورننس ہی پاکستان کی اقتصادی بحالی کی سب سے بڑی ضرورت اور یہی حکومتی کارکردگی، قانون کی عمل داری اور عوامی اعتماد کی بنیاد بن سکتی ہے،جنوری23 تا دسمبر 24 نیب کی5.3 ٹریلن روپے کی ریکوری معیشت کو پہنچے نقصان کاکم حصہ ہے۔