غزہ نسل کشی میں انڈین گروپ ”ٹاٹا“ بھی ملوث


نیویارک،غزہ :(بیورورپورٹ،مشرق نیوز)غزہ نسل کشی میں انڈین گروپ ”ٹاٹا“ بھی ملوث،امریکی تنظیم سلام نے بڑا انکشاف کردیا۔

رپورٹ کے مطابق ٹاٹا گروپ کی مختلف ذیلی کمپنیاں ٹاٹا ایڈوانسڈ سسٹمز لمیٹڈ (TASL)، ٹاٹا موٹرز، ٹاٹا کنسلٹنسی سروسز (TCS) اسرائیل کو فوجی سازوسامان، بکتر بند گاڑیاں، ڈیجیٹل انفراسٹرکچر فراہم کر رہی ہیں جو فلسطینی عوام کے خلاف کارروائیوں میں استعمال ہو رہے ہیں، ٹاٹا کے منصوبے محض کاروباری نہیں بلکہ اسرائیلی قبضے و جبر کے نظام کا فعال حصہ ہیں۔

ادھر سربراہ حماس خلیل الحیہ نے کہا امریکی صدر ہر روز کہہ رہے ہیں جنگ ختم ہوگئی،اب ہم اسرائیل کو جنگ دوبارہ شروع کرنے کا جواز نہیں دیں گے،28 میں سے 17 یرغمالیوں کی لاشیں دے چکے،باقی کی تلاش میں مشکلات کا سامنا ہے، اسرائیلی انخلا اورجارحیت کے خاتمے تک ہتھیارنہیں ڈالیں گے۔

مزید بر آں امریکی وزیر خارجہ مارکو روبیو نے کہا غزہ کی تقسیم کا کوئی امکان نہیں، اسرائیلی فوج جنگ بندی کے آغاز کے بعد سے علاقے کے تقریباً نصف حصے پر قابض ہے، امریکہ بین الاقوامی فورس تشکیل دینے کی کوشش کر رہا ہے جو پورے غزہ میں سکیورٹی فراہم کرے گی، مستقبل میں غزہ کے انتظام سے حماس کو الگ کیا جائے گا ، اسلحہ ساز تنصیبات ختم کی جائیں گی۔