لاہور (کامرس رپورٹر)پنجاب کی سیڈ کمپنیز پورے ملک کی 90 فیصد سیڈ کی ضروریا ت کو پورا کرتی ہیں، غلط پالیسیوں کی وجہ سے ملک کی زراعت کو تباہ کر دیا گیا ہے اگر درستگی نہ کی گئی تو مزید تباہی کی طرف دھکیل دیا ہے اس وقت پورے ملک میں گندم کی بجائی کا وقت ہے۔پنجاب میں موجود سیڈ کمپنیاں حسب سابقہ پورے ملک کیلئے گندم کا سیڈ پیدا کرتی ہیں اور دوسرے صوبوں کی بیج کی ضروریات کو پورا کرتی ہیں۔ان خیالات کا اظہار سیڈ ایسوسی ایشن آف پاکستان نے لاہور چیمبر میں ایک پریس کانفرنس کے موقع پر کیا۔ صدر لاہور چیمبر فہیم الرحمن سہگل نے سیڈ ایسوسی ایشن کو لاہور چیمبر کے مکمل تعاون کی یقین دہانی کروائی اور کہا کہ حکومت فوری طور پر اس اہم معاملے پر کاروائی کرے اور انکے مسائل حل کئے جائیں۔اس موقع پر لاہور چیمبر کے سینئر نائب صدر تنویر احمد شیخ، سابق صدر میاں انجم نثار، چیئرمین سیڈ ایسوسی ایشن آف پاکستان رانا سلمان محمود خان، چوہدری بلال، چوہدری شکیل اور لاہور چیمبر کیایگزیکٹیو کمیٹی ممبران بھی موجود تھے۔ چیئرمین سیڈ ایسوسی ایشن آف پاکستان رانا سلمان محمود خان نے کہا کہ اس وقت پیرا اور فوڈ ڈیپارٹمنٹ نے مل کردوسرے صوبوں میں بیج گندم کی فراہمی روک دی ہے جس سے گندم کے بیج کا بحران مزید بڑھ جائے گا جو کہ پہلے ہی حکومتی پالیسیوں کی وجہ سے بحران اختیار کر چکا ہے اگر بیج کی فراہمی رکی رہی تو پورے ملک میں شدید بحران اور گندم کی پیداوار میں کمی آئے گی۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان میں ٹو ٹل 552000 میٹرک ٹن بیج پیداکیا جاتا ہے جس میں پنجاب کی سیڈکمپنیاں 516000 میٹرک ٹن بیج پید ا کرتی ہیں جو کہ ملک کے ٹوٹل بیج کا 94 فیصد بنتا ہے اس سے آپ اندازہ کر سکتے ہیں کہ پورے ملک میں اگر پنجاب کی کمپنیز کو بیج کی فراہمی سے روکے رکھا تو گندم کی کاشت اور پیداوار کس حد تک متاثر ہونے کا خدشہ ہے۔ سیڈ ایسوسی ایشن آف پاکستان نے سیکرٹری PERA اور ڈائریکٹر جنرل فوڈ سے میٹنگز اور مسئلے کے فوری حل کیلئے درخواست کی اور اس کے علاوہ گندم کی بیج کی موومنٹ کیلئے صدر پاکستان جناب آصف علی زرداری، وزیراعظم شہباز شریف، وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز کو بھی خطوط ارسا ل کئے گئے لیکن کسی بھی طرف سے کوئی جواب نہ ملا۔ انہوں نے کہا کہ ہماری فیلڈ مارشل جنرل عاصم منیر سے درخواست ہے کہ ملک کی فوڈ سیکورٹی کیلئے گندم سب سے اہم فصل ہے خدارااس بروقت کاشت اور سیڈ کی فراہمی کو یقینی بناکر ملک کو بڑے بحران سے بچایا جائے۔سابق صدر میاں انجم نثار نے کہا کہ حکومت فوری طور پر اس مسئلے کا حل تلاش کرے تاکہ گندم کی فوری کاشت کو یقینی بنایا جا سکے۔
بیج کی فراہمی میں رکاوٹ گندم بحران کو جنم دے سکتی ہے: سیڈ ایسوسی ایشن آف پاکستان



















