مسلسل عدم پیشی، 26 نومبر احتجاج پر علیمہ خان کی گرفتاری کا حکم ، عمر ایوب، زین قریشی ،زرتاج گل کے وارنٹ

اسلام آباد، راولپنڈی (بیورو رپورٹ) خصوصی عدالت نے علیمہ خان کے تیسری مرتبہ ناقابل ضمانت وارنٹ گرفتاری جاری کرتے ہوئے گرفتار کرکے پیش کرنے کا حکم دےدیا،اے ٹی سی راولپنڈی میں علیمہ خان سمیت 11 ملزموں کےخلاف 26 نومبر کے احتجاج پر درج مقدمات کی سماعت ہوئی، سماعت جج امجد علی شاہ نے کی،عدالت نے علیمہ خان کی عدم حاضری پر تیسری مرتبہ ناقابل ضمانت وارنٹ گرفتاری جاری کردئیے،عدالت نے ضامن عمر شریف کے بھی ناقابل ضمانت وارنٹ گرفتاری جاری کیے، عدالت نے علیمہ خان کی گرفتاری کے احکامات جاری کردیے اور راولپنڈی پولیس کو حکم دیا علیمہ خان کو گرفتار کرکے 22 تاریخ کو پیش کریں، مقدمے میں نامزد 10 ملزموں سمیت استغاثہ کے 5گواہ بھی مال مقدمہ سمیت عدالت میں پیش ہوئے،عدالت نے علیمہ خان کے ضامن کی جائیداد کی دستاویزات کی تصدیق کیلئے ڈی سی راولپنڈی کو ہدایات جاری کردیں،مزید بر آں سنگجانی جلسے پر درج مقدمات میں عمر ایوب، زین قر یشی ،زرتاج گل سمیت دیگر رہنماوں کے ناقابل ضمانت وارنٹ گرفتاری جاری کر دئیے گئے،خصوصی عدالت کے جج طاہر عباس سپرا نے کیس کی سماعت کی، عدالت نے عمر ایوب، زین قریشی زرتاج گل اور علی بخاری کو گرفتار کر کے پیش کرنے کا حکم دیدیا، کیس ٹرانسفر کی دائر درخواست پر عدالت نے شیر افضل مروت کی درخواست پر نوٹس جاری کر کے دلائل طلب کرتے ہوئے سماعت 23 اکتوبر تک ملتوی کر دی۔