پنجاب میں انتہا پسند جماعت پر پابندی عائد کرنے سمیت اہم فیصلے

لاہور: (سٹاف رپورٹر)وزیراعلیٰ مریم نواز کی زیر صدارت امن و امان پر غیر معمولی اجلاس میں پنجاب حکومت نے وفاق کو انتہا پسند جماعت پر پابندی عائد کرنے کی سفارش کا فیصلہ کرلیا۔

پنجاب میں نفرت ، اشتعال انگیزی ،قانون شکنی میں ملوث افراد کو فوری گرفتار کیا جائےگا، پولیس افسروں کی شہادت ، سرکاری املاک کی تباہی میں ملوث رہنما وں ، کارکنوں کےخلاف دہشتگردی عدالتوں میں مقدمات چلائے جائیں گے، انتہا پسند جماعت کی قیادت کو انسداد دہشتگردی ایکٹ کے فورتھ شیڈول میں شامل کیا جائےگا۔

اجلاس میں فیصلہ کیا گیا انتہا پسند جماعت کی تمام جائیدادیں ،اثاثے محکمہ اوقاف کے حوالے کیے جائیں گے، انتہا پسند جماعت کے پوسٹرز، بینرز ،اشتہارات پر مکمل پابندی ہوگی، نفرت پھیلانے والے انتہا پسند جماعت کے سوشل میڈیا اکا ونٹس بند کیے جائیں گے، انتہا پسند جماعت کے تمام بینک اکا ونٹس منجمد کیے جائیں گے، لا وڈ سپیکر ایکٹ کی خلاف ورزی پر سخت ترین کارروائی ہوگی، پنجاب حکومت غیر قانونی افغان باشندوں کا رئیل ٹائم ڈیٹا تیار کرے گی،افغان شہریوں کو ٹیکس نیٹ میں بھی لایا جائےگا، غیر قانونی تارکین وطن کےلئے وہسل بلوئر سسٹم متعارف ،اطلاع دینے والے کا نام مکمل رازداری میں رکھا جائےگا۔

وزیراعلیٰ کی زیر صدارت اجلاس میں پنجاب حکومت نے غیر قانونی رہائشیوں ، کاروباروں کےخلاف کومبنگ آپریشن شروع کرنے کا فیصلہ کرلیا، غیر قانونی غیر ملکی باشندوں کو وفاقی حکومت کی پالیسی کے مطابق فوری ڈی پورٹ کیا جائے۔

مریم نواز نے صوبے بھرمیں غیر قانونی اسلحہ کی فوری بازیابی کا حکم دیتے ہوئے محکمہ داخلہ پنجاب کی جانب سے غیر قانونی اسلحے کو ایک ماہ میں جمع کرانے کا الٹی میٹم جاری کر دیا، ایک ماہ ایک اندر شہری اپنا قانونی اسلحہ کو خدمت مرکز سے رجسٹر ڈ کرائیں گے، وزیراعلیٰ نے اسلحہ فروشوں ، تمام ڈیلرز کے سٹاک کا معائنہ کرنے ، پنجاب میں نئے اسلحہ لائسنس جاری کرنے پر مکمل پابندی کا حکم بھی دیا، پنجاب حکومت نے وفاقی حکومت سے اسلحہ فیکٹریز ، مینوفیکچررز کو ریگولرائز کرنے کی سفارش کر دی۔

اجلاس نے صوبے بھر میں غیر قانونی اسلحہ رکھنے کی سزا میں اضافے کی منظوری دےدی، غیر قانونی اسلحہ رکھنے پر سزا 14سال قید،20لاکھ روپے تک جرمانہ مقرر اور ناقابل ضمانت جرم بنا دیا گیا۔

دریں اثنا وزیراعلیٰ مریم نواز نے فتنہ الخوارج کے دہشتگردوں کو واصل جہنم کرنے پرسکیورٹی فورسز کوخراج تحسین پےش کرتے ہوئے کہاپاک وطن کے امن سے کھیلنے کی کوشش کرنے والے کا انجام جہنم ہی ہوگا،دہشتگردی کے خاتمے کا سفر کامیابی سے جاری ، پاکستان امن و استحکام کی راہ پر گامزن ہے،دہشتگردی کےلئے اب کوئی جگہ نہیں، قوم متحد ہے ۔