سوات میں دہشتگردوں کاپولیو ٹیم پر حملہ، لیویز اہلکار شہید
سوات: (نمائندہ مشرق) سوات میں پولیو ٹیم پر حملہ، فائرنگ ،ڈیوٹی پر تعینات لیویز اہلکار شہید ہوگیا ،دہشتگردوں نے مٹہ کے دور افتادہ علاقے انظر تنگے، بیاکن میں انسداد پولیو ٹیم کو فائرنگ کانشانہ بنایا،لیویز اہلکار عبدالکبیر نے جام شہادت نوش کیا۔
صدر آصف زرداری ،وزیراعظم شہباز شریف،وزیر داخلہ محسن نقوی ودیگر رہنماﺅں نے پولیو ٹیم پر دہشتگرد حملے کی شدید مذمت کرتے ہوئے لیویز اہلکار عبد الکبیر کی شہادت پر اظہار افسوس کیا۔
وزیراعظم نے کہا پولیو کے خاتمے کی اہم عوامی خدمت کرنے والوں پر دہشتگرد حملہ ناقابل برداشت ہے، حکومت ملک سے پولیو کے مکمل خاتمے کےلئے پر عزم ہے،پولیو کے مکمل خاتمے تک جنگ جاری رہے گی، داخلہ محسن نقوی نے واقعے کی مذمت کرتے ہوئے شہید اہل کار کو خراج عقیدت پیش کیا اور لواحقین سے دلی ہمدردی و تعزیت کا اظہار کرتے ہوئے کہا لیویز اہلکار عبدالکبیر نے فرض کی ادائیگی کے دوران شہادت کا بلند رتبہ پایا۔

















