لاہور (اپنے رپورٹر سے) پنجاب میں قومی انسداد پولیو مہم کا آغاز 13 اکتوبر سے ہوگا، لاہور میں یہ مہم 7 روز جبکہ صوبے کے دیگر تمام اضلاع میں 5 روزجاری رہے گی۔اس سلسلے میں سول سیکرٹریٹ لاہور میں صوبائی انسداد پولیو ٹاسک فورس کا اجلاس منعقد ہواجس میں صوبائی وزیر صحت خواجہ عمران نذیر، چیف سیکرٹری پنجاب زاہد اختر زمان، وزیراعلیٰ پنجاب کی فوکل پرسن برائے انسداد پولیو عظمیٰ کاردار، محکمہ داخلہ، صحت اور تعلیم کے سیکرٹریز کے علاوہ پولیو کے خاتمے کیلئے کام کرنے والے عالمی اداروں کے نمائندگان نے شرکت کی جبکہ تمام ڈویژنل کمشنرز اور ڈپٹی کمشنرز ویڈیو لنک کے ذریعے شریک ہوئے۔ٹاسک فورس نے لاہور میں ماحولیاتی نمونوں میں پولیو وائرس کی موجودگی پر تشویش کا اظہار کیا اور لاہور کی 122 یونین کونسلوں میں نومبر میں ایک خصوصی انسداد پولیو مہم چلانے کا فیصلہ کیا۔اجلاس میں ڈی جی خان، راجن پور، رحیم یار خان اور میانوالی میں پولیو ٹیموں کو مکمل سکیورٹی فراہم کرنے کی ہدایات بھی جاری کی گئیں۔وزیر صحت خواجہ عمران نذیر نے کہا کہ پنجاب میں پولیو کے خاتمے کی کوششیں ضرور کامیاب رہی ہیں لیکن وائرس کی موجودگی ایک سنگین خطرہ ہے۔ انہوں نے کہا کہ وائرس کے پھیلاو کو روکنے کیلئے ہر بچے کو پولیو ویکسین کے قطرے پلانا ناگزیر ہے۔انہوں نے ”مسڈ چلڈرن“یعنی وہ بچے جو ویکسی نیشن سے محروم رہ جاتے ہیں، پر خصوصی توجہ دینے کی ہدایت کی۔چیف سیکرٹری نے حکم دیا کہ سیلاب سے متاثرہ علاقوں میں بچوں کو ویکسین کے قطرے پلانے کیلئے خصوصی انتظامات کیے جائیں ۔ انہوں نے کہا کہ بین الصوبائی اور ٹرانزٹ پوائنٹس پر موجود موبائل آبادیوں کی ویکسی نیشن کیلئے خصوصی ٹیمیں تشکیل دی جائیں تاکہ وائرس کے پھیلاو کو روکا جا سکے۔چیف سیکرٹری نے مہم کو موثر اور کامیاب بنانے اور موجودہ خامیوں کو دور کر کے پولیو وائرس کے مکمل خاتمے کی ضرورت پر زور دیا۔اجلاس میں انسداد پولیو پروگرام پنجاب کے سربراہ عدیل تصور نے تفصیلی بریفنگ دیتے ہوئے بتایا کہ مہم کے دوران 2 کروڑ 25 لاکھ سے زائد بچوں کو پولیو کے قطرے پلائے جائیں گے اور اس مقصد کیلئے 2 لاکھ پولیو ورکرز خدمات سر انجام دیں گے۔
پنجاب ، قومی انسداد پولیو مہم کا 13 اکتوبر سےآغاز



















