امریکہ نے پاکستان کو جدید میزائل پروگرام کے عالمی منصوبے میں شامل کرلیا
واشنگٹن:(خواجہ فا روق) امریکہ نے پاکستان کو جدید ترین میزائل نظام کی فروخت کے عالمی منصوبے میں شامل کر لیا۔
محکمہ برائے جنگ (سابقہ محکمہ دفاع) نے 6 اکتوبر کو خاموشی سے پاکستان کا نام ان ممالک کی فہرست میں شامل کیا جو ”ریتھیون“ کمپنی کے جدید ”اے آئی ایم-120سی8/ڈی3“ میزائل خرید رہے ہیں، فیصلہ معاہدے میں 41.68 ملین ڈالر کی توسیع کے تحت کیا گیاجو پہلے سے موجود 2.51 ارب ڈالر کے معاہدے کا حصہ ہے۔
معاہدہ امریکہ کے کئی اتحادی اور غیر اتحادی ممالک کےساتھ کیا گیا جن میں جاپان، جرمنی، برطانیہ، اسرائیل، ترکیہ، جنوبی کوریا، آسٹریلیا، سعودی عرب، قطر اور پاکستان شامل ہیں،فی الحال واضح نہیں پاکستان کو کتنے نئے میزائل فراہم کیے جائیں گے تاہم پیش رفت سے عندیہ ملتا ہے پاکستان اپنے ایف16 طیاروں کو جدید بنانے کے عمل کا آغاز کر رہا ہے۔
امریکی محکمہ جنگ کے مطابق معاہدہ 2030 تک مکمل کیا جائےگا، میزائلوں کی پیداوار اور ترسیل جاری رہے گی،منظوری دراصل 41.6 ارب ڈالر کے عالمی منصوبے کا حصہ ہے ،30 سے زائد اتحادی ممالک کو جدید میزائل فراہم کیے جائیں گے، منصوبے کا مقصد مغربی ممالک کی فضائی دفاعی صلاحیتوں کو مشترکہ معیار پر لانا ہے تاکہ نیٹو اور انڈو پیسیفک ممالک کے درمیان فضائی تعاون مضبوط ہو۔
امریکی دفاعی حکام کے مطابق پروگرام عالمی سطح پر بدلتی ہوئی کشیدگیوں، خاص طور پر روس، چین، اور مشرقی یورپ کے حالات کے تناظر میں کیا گیا ہے تاکہ امریکہ اور اس کے اتحادی تکنیکی برتری برقرار رکھ سکیں۔



















