عوام کو بہترین طبی سہولیات کی فراہمی ترجیح ہے: خواجہ سلمان رفیق

لاہور (اپنے رپورٹر سے) علامہ اقبال میڈیکل کالج کے 22 ویں کانووکیشن کا انعقادکیاگیا جس میں صوبائی وزیر صحت خواجہ سلمان رفیق نے بطور مہمان خصوصی شرکت کی۔سابق وزیر صحت پروفیسر جاوید اکرم نے کانووکیشن میں بطور گیسٹ آف آنر شرکت کی۔مہمان خصوصی نے بیسٹ گریجوایٹ ڈاکٹر عبداللہ و دیگر نمایاں گریجوایٹس کو گولڈ و سلور میڈلز اور ایم بی بی ایس کی ڈگریاں تقسیم کیں۔اس دوران انتظامیہ کی جانب سے علامہ اقبال میڈیکل کالج کی نمایاں کامیابیوں پر مبنی رپورٹ بھی پیش کی گئی۔صوبائی وزیر صحت خواجہ سلمان رفیق نے کہاکہ علامہ اقبال میڈیکل کالج کا شمار پاکستان کی بہترین طبی درسگاہوں میں ہوتا ہے۔یہ کالج طلباءوطالبات کو شاندار تعلیمی ماحول فراہم کرنے میں انفرادیت رکھتاہے۔آج فریش گریجوایٹس کی عظیم کامیابی کے ساتھ ساتھ اس کالج سے سیکھی گئیں عظیم روایات اور خدمت خلق کیلئے جذبے کو بھی منا رہے ہیں۔آج کا دن ہر گریجوایٹ کی عملی زندگی کی شروعات کیلئے انتہائی اہم ہے۔ خواجہ سلمان رفیق نے کہاکہ وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کیلئے شعبہ صحت میں بہتری اولین ترجیح ہے۔حکومت پنجاب نے شعبہ صحت میں چیف منسٹرز چلڈرن ہارٹ سرجری پروگرام،کڈنی اینڈ لیور ٹرانسپلانٹ پروگرام، ڈائیلسز پروگرام،کلینک آن ویلز اور فیلڈ ہسپتال جیسے تاریخی اقدامات اٹھائے ہیں۔حکومت پنجاب لاہور میں نواز شریف انسٹی ٹیوٹ آف کینسر ٹریٹمنٹ اینڈ ریسرچ،لاہور اور سرگودھا میں نواز شریف انسٹی ٹیوٹس آف کارڈیالوجی اور بہاول پوراور روالپنڈی میں نئے چلڈرن ہسپتال بھی بنارہی ہے۔انہوں نے کہاکہ ساہیوال انسٹی ٹیوٹ آف کارڈیالوجی کو جلد عوام کیلئے کھول دیں گے۔نئے بنائے جانے والے ہسپتالوں میں میڈیکل افسران،ویمن میڈیکل افسران،فیلوز،کنسلٹنٹس،نرسز اور پیرامیڈیکل سٹاف کی ہزاروں اسامیوں پربھرتی بھی کی جائے گی۔صوبائی وزیرصحت خواجہ سلمان رفیق نے کہاکہ عوام کو ان کی دہلیزپر صحت کی بہترین سہولیات کی فراہمی ہی حکومت پنجاب کی اولین ترجیح ہے۔ہماری تمام ترکامیابیاں صرف اور صرف ہمارے والدین کی دعاوں کی وجہ سے ہیں۔ہمارے فریش گریجوایٹس اس ادارے کے سفیرہوں گے۔صوبائی وزیرصحت خواجہ سلمان رفیق نے عظیم طبی درسگاہ علامہ اقبال میڈیکل کالج سے فارغ التحصیل ہونے والے فریش گریجوایٹس اور ان کے والدین کواس بہترین کامیابی پر مبارکباد دی۔سابق وزیرصحت پروفیسرجاویداکرم نے کہاکہ خواجہ سلمان رفیق کی شخصیت سے ہمیشہ سیکھا ہے،اللہ پاک نے پانچ ممالک میں خدمت خلق کا موقع فراہم کیاہے۔چیئرمین بورڈ آف مینجمنٹ ڈاکٹر گوہراعجازنے کہاکہ آج بچوں کا عملی زندگی میں پہلا قدم ہے، ڈاکٹرگوہراعجازنے کامیاب ہونے والے تمام فریش گریجوایٹس کو مبارکبادپیش کی۔پرنسپل علامہ اقبال میڈیکل کالج پروفیسرطیبہ وسیم نے کہاکہ علامہ اقبال میڈیکل کالج میں طلباءو طالبات کو بہترین تعلیمی ماحول فراہم کیاجاتاہے۔