اسلام آباد (مشرق نیوز) وفاقی دارالحکومت میں ڈینگی وائرس کے کیسوں میں تیزی سے اضافہ دیکھا جارہا ہے۔ گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران دارالحکومت میں 31 نئے ڈینگی کیس رپورٹ ہوئے ہیں، جن میں سے 22 کیس دیہی علاقوں سے جبکہ 9 کیس شہری علاقوں سے سامنے آئے ہیں۔
رواں سیزن میں اب تک اسلام آباد سے مجموعی طور پر 720 ڈینگی کیس رپورٹ ہو چکے ہیں، جن میں سے 20 مریض فی الحال ہسپتالوں میں زیر علاج ہیں۔ محکمہ صحت کے حکام نے بتایا کہ متاثرہ گھروں اور ان کے اردگرد کے علاقوں میں ریزیڈول سپرے مکمل کر لیا گیا ہے۔
حکام کے مطابق، 2000 مقامات پر فوگنگ آپریشن کیا گیا ہے جبکہ اس ماہ 16332 مثبت لاروا سائٹس کا خاتمہ کیا جا چکا ہے۔ مجموعی طور پر اب تک 8 لاکھ 46 ہزار سے زائد انسداد ڈینگی سرگرمیاں انجام دی جا چکی ہیں۔
سی ڈی اے اور ایم سی آئی کی ویکٹر کنٹرول ٹیمیں ہائی رسک علاقوں میں سرگرم عمل ہیں۔ ایس او پیز کی خلاف ورزی پر جرمانے اور قانونی کارروائیاں جاری ہیں۔ محکمہ صحت نے شہریوں سے پانی والے برتنوں، ٹینکوں اور کولرز کی صفائی کی اپیل کی ہے تاکہ ڈینگی مچھر کے پنپنے کے امکانات کو کم کیا جا سکے۔
اسلام آباد میں ڈینگی وائرس بے قابو: 24 گھنٹوں میں 31 نئے کیس



















