میچ ریفری کو نہ ہٹایا تو ایشیا کپ میں مزید میچز نہیں کھیلیں گے: پاکستان کا دوٹوک موقف

لاہور (سپورٹس ڈیسک) پاکستان نے بھارت کےخلاف میچ میں ہونےوالے رویے پر سخت ایکشن لیتے ہوئے ریفری تبدیل نہ کرنے کی صورت میں ایشیا کپ کے مزید میچز نہ کھیلنے کی دھمکی دیدی،ذرائع پی سی بی کے مطابق پی سی بی نے آئی سی سی کو واضح کر دیا میچ ریفری اینڈی پائیکرافٹ تبدیل نہ کیا گیا تو پاکستان ایشیا کپ میں مزید کوئی میچ نہیں کھیلے گا، پاکستان نے ایشیا کپ کے ٹورنامنٹ ڈائریکٹر کو بھی آگاہ کردیا،پی سی بی نے آئی سی سی کو تفصیلی خط لکھا ہے جبکہ ایشیا کرکٹ کونسل کے سربراہ محسن نقوی نے بھی معاملے پر افسوس کا اظہار کیا، ایشین کرکٹ کونسل کی جانب سے بھارتی ٹیم پر جرمانہ عائد کیے جانے کا امکان ہے،چیئرمین پی سی بی محسن نقوی نے کہا میچ ریفری نے کرکٹ کی سپرٹ کےخلاف اقدامات کیے، میچ ریفری کی جانب سے آئی سی سی کوڈ آف کنڈکٹ کی خلاف ورزی پر باضابطہ شکایت کی گئی، پی سی بی نے ایشیا کپ سے میچ ریفری اینڈی پائی کرافٹ کو فوری ہٹانے کا مطالبہ کیا ہے،سماجی رابطے کی ویب سائٹ ”ایکس“ پر چیئرمین پی سی بی محسن نقوی نے کہا میرے لیے پاکستان کی عزت اور وقار سے بڑھ کر کچھ نہیں،سابق ٹیسٹ کرکٹ توفیق عمر نے کہا بھارتی ٹیم سپورٹس مین شپ کا مظاہرہ کرے، بھارت نے کرکٹ کے میدان میں بھی بہت گھٹیا حرکت کی، بھارتی کرکٹ ٹیم کے اقدامات سے کرکٹ کونقصان ہورہا ہے،کرکٹر عرفان نے کہا بھارت کرکٹ ٹیم سیاست کو کھیل میں نہ لائے، کھیل کے میدان میں ایسی گھٹیا حرکت نہیں ہونی چاہیے، آئی سی سی کو اقدام پر ایکشن لینا چاہیے، پاکستان کو مضبوط موقف اپنانے کی ضرورت ہے،ادھر ایشیا کپ میں پاکستان اور بھارت کے درمیان میچ میں خلاف ورزی کرنےوالے میچ ریفری کےخلاف دیر سے خط لکھنے پر پی سی بی کے ڈائریکٹر انٹرنیشنل کرکٹ عثمان واہلہ کو معطل کر دیا گیا،ذرائع کے مطابق عثمان واہلہ کو بھارتی ٹیم کے رویے اور میچ ریفری کیخلاف ایکشن نہ لینے پرمعطل کیا گیا۔