دریاوں میں ہوٹل، کالونیاں بنانے والے سیٹھوں کیخلاف کارروائی ہوگی: مصدق ملک
کراچی (بیورو رپورٹ) وفاقی وزیر موسمیاتی تبدیلی مصدق ملک نے کہا ہے کہ دریاوں کے کنارے ملک کے طاقتور اور امیر افراد نے غیر قانونی ہوٹل، ریزورٹس اور ہاوسنگ سکیمیں بنا رکھی ہیں، ہم اعلان جنگ کر رہے ہیں اب رکیں گے نہیں، پانی کے راستے سے تعمیرات ہٹائیں گے، تقریب کے بعد صحافیوںسے گفتگو کرتے ہوئے مصدق ملک نے کہا میرا دل دکھی ہو جاتا ہے جب میں دیکھتا ہوں چند رئیسوں نے دریاوں کی زمین کو کاٹ کر غیر قانونی ہوٹل، ریزورٹس اور بستیاں بنا رکھی ہیں،سکیمیں اور ہوٹل سیلاب کے دوران کچی بستیوں کیلئے تباہی کا باعث بنتے ہیں، بربادی غریبوں کے خاندان کھا جاتی ہیں، حالیہ سیلاب کے دوران 800 لوگ شہید ہوگئے، اتنے تو جنگ میں بھی نہیں ہوتے، میں ملک کے مختلف علاقوں سے ہوتا ہوا 750 کلو میٹر گاڑی چلا کر گلگت بلتستان پہنچا، 20 سے 30 کلو میٹر پہاڑوں پر بھی ٹریکنگ کی، اس دوران دریاوں کے کنارے کسی ایک غریب کا ہوٹل یا ریزورٹ نہیں تھا، جو طاقتور، سیٹھ اور امیر لوگ ہیں، یہیں کہیں رہتے ہیں سب انہی کے ریزروٹس اور ہوٹلز وہاں قائم ہیں،وزیر موسمیاتی تبدیلی نے کہا جنگلات کی غیر قانونی طور پر کٹائی کر کے جو درخت وہاں رکھے جاتے ہیں وہ سیلاب میں شامل ہو کر نیچے آنےوالی آبادیوں کےلئے انتہائی خطرناک بن جاتے ہیں، قدرت کا احترام کریں، سیلاب سے اگر کوئی چیز بچا سکتی ہے تو وہ درخت ہی ہیں، ہمیں چاہئے کہ درخت کاٹنے کے بجائے مزید لگائیں۔



















