لاہور، چنیوٹ، جھنگ، سیالکوٹ، اسلام آباد، سرینگر (خبرنگار+ بیورو رپورٹ+ مشرق نیوز) پنجاب کے تینوں دریاوں میں سیلابی صورتحال برقرار ،لاہور کی کئی بستیاں زیر آب آ گئیں، دریائے چناب میں اونچے درجے کے سیلاب کے پیش نظر جھنگ اور چنیوٹ کو بچانے کےلئے رواز برج کے قریب بند میں دھماکے سے شگاف ڈال دیا گیا،راوی، چناب اور ستلج میں طغیانی نے لاہور، قصور، جھنگ، حافظ آباد، پاکپتن، سیالکوٹ، چنیوٹ، منڈی بہاوالدین، گوجرانوالہ، وزیر آباد، سرگودھا، نارووال، بہاولنگر اور بہاولپور سمیت کئی اضلاع کو شدید متاثر کیا، صوبے میں سیلاب کے باعث کم ازکم 28 افراد جاں بحق ہوئے، بیشتر اموات ڈوبنے سے ہوئیں، سیالکوٹ میں ڈوبنے والے 16 افراد کی لاشیں نکال لی گئیں،دوسری جانب دریائے راوی کے بپھر نے سے لاہور کے اطراف کئی دیہات زیر آب آگئے ، چند مضافاتی علاقوں میں بھی پانی داخل ہوا،تھیم پارک، موہلنوال، مرید وال، فرخ آباد، شفیق آباد، افغان کالونی، نیو میٹر سٹی اور چوہنگ ایریا سے محفوظ انخلا مکمل کر لیا گیا، طلعت پارک بابو صابو میں ریسکیو اور ریلیف آپریشن تیزی سے جاری ہے،پارک ویو ہاوسنگ سوسائٹی کے چار بلاکس میں پانی داخل ہوا تاہم رہائشیوں کو بروقت نکال لیا گیا،لاچیوالی سکول کے ریلیف کیمپ میں 70 سے زائد افراد مقیم ہیں، بیشتر متاثرین چوہنگ اور ٹھوکر ریلیف کیمپ میں مقیم ہیں، قیام و طعام کی بہترین سہولتیں میسر کی گئی ہیں،پاک فوج کا ریسکیو اورریلیف آپریشن تیزی سے جاری ہے، دریائے چناب میں بڑا سیلابی ریلا چنیوٹ، جھنگ اور تریموں کی طرف بڑھ رہا ہے،دریائے چناب مرالہ کے مقام پر پانی کا بہاو 1 لاکھ 16 ہزار کیوسک ریکارڈ کیا گیا، خانکی ہیڈ ورکس کے مقام پہ پانی کا بہاو 1 لاکھ 84 ہزار کیوسک ہے،قادر آباد کے مقام پر پانی کا بہاو 1 لاکھ 85 ہزار کیوسک ہے،چنیوٹ برج پر بڑا سیلابی ریلا گزر رہا ہے، دریائے چناب میں چنیوٹ برج کے مقام پر پانی کا بہاو 8 لاکھ 55 ہزار کیوسک ہے،ہیڈ تریمو کے مقام پر پانی کا بہاو 1 لاکھ 29 ہزار کیوسک ہے اور مسلسل اضافہ ہو رہا ہے،دریائے راوی جسر کے مقام پر پانی کا بہاو 84 ہزار کیوسک ہے، شاہدرہ کے مقام پر پانی کا بہاو 1 لاکھ 84 ہزار کیوسک ، بہاو میں کمی آ رہی ہے،بلوکی ہیڈ ورکس پر پانی کا بہاو 1 لاکھ 64 ہزار کیوسک اور اضافہ ہو رہا ہے،راوی ہیڈ سدھنائی کے مقام پر پانی کا بہاو 29 ہزار کیوسک ہے،دریائے ستلج میں گنڈا سنگھ والا کے مقام پر پانی کا بہاو 3 لاکھ 3 ہزار ، سلیمانکی کے مقام پرپانی کا بہاو 1 لاکھ 18 ہزار کیوسک ہے،پی ڈی ایم اے کے ڈائریکٹر جنرل عرفان علی کاٹھیا نے کہا ہے اگر دریا کی گزرگاہوں کو خالی نہ کیا تو ہم ہمیشہ اسی طرح نقصان اٹھاتے رہیں گے،لاہور میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے ڈی جی پی ڈی ایم اے نے کہا فلڈ پلان ایکٹ کے تحت اب آبی گزرگاہوں میں موجود تمام غیرقانونی تعمیرات کو خالی کرایا جائے گا تاکہ مستقبل میں بڑے نقصانات سے بچا جاسکے، دریائے راوی میں شاہدرہ کے مقام سے گزرنے والا دو لاکھ 20 ہزار کیوسک کا ریلا 1988 کے بعد سب سے بڑا تھا، تاہم خوش قسمتی سے شہر میں کوئی جانی نقصان نہیں ہوا، اب شاہدرہ کے مقام پر پانی کی سطح بتدریج کم ہو رہی ہے اور آئندہ چند گھنٹوں میں مزید کمی متوقع ہے،نیشنل ایمرجنسیز آپریشن سینٹر نے مزید بارشوں کی صورت میں دریائے راوی میں سیلابی صورتحال کی شدت کا الرٹ جاری کردیا،این ڈی ایم اے کے مطابق 30 اگست تا 3 ستمبر دریائے راوی کے بالائی ملحقہ علاقوں میں بارشیں اور تھین ڈیم سے پانی کا اخراج متوقع ہے اور سیلابی ریلوں کی آمد کے باعث دریائے راوی کے بہاو¿ میں نمایاں اضافہ ہوجائے گا،دریائے راوی میں بلوکی کے مقام پر اس وقت تقریباً 1لاکھ47 ہزار کیوسک کا بہاو¿ موجود ہے، 2 سے 3 ستمبر کے دوران یہ سیلابی ریلا سدھنائی پہنچے گا جہاں 1لاکھ 25 ہزار سے1لاکھ 50ہزار کیوسک تک بہاو¿ متوقع ہے، سدھنائی کے مقام پر یہ سیلابی ریلا شدید سیلابی صورتحال پیدا کر سکتا ہے،دریائے راوی میں سیلابی صورتحال کے باعث لاہور کے ممکنہ متاثرہ علاقوں میں لاہور سٹی اور رائیونڈ شامل ہیں، قصور، پتوکی، اوکاڑہ، رینالہ خورد، ڈیپالپور، گوگرا، تانڈیانوالہ، کمالیہ، پیر محل، اڈا حکیم اور سدھنائی کے علاقے بھی متاثر ہو سکتے ہیں، ادھر بھارت نے مقبوضہ کشمیر سے دریائے جہلم میں بھی پانی چھوڑدیا ،ایس ڈی ایم اے کے مطابق بھارتی مقبوضہ علاقے سے آزاد کشمیر میں دریائے جہلم میں پانی چھوڑا گیا ہے،بھارت کی طرف سے چھوڑا گیا پانی کا ریلا کنٹرول لائن چکوٹھی کے مقام سے آزاد کشمیر میں داخل ہوگیا، مظفرآباد میں بھی دریائے جہلم میں پانی کا بہاو¿ بڑھ گیا اور دریائے جہلم میں پانی کے بہاو¿ کی نگرانی جاری ہے،دریائے جہلم میں چکوٹھی کے مقام سے پانی کی مقدار میں مسلسل اضافہ ہو رہا ہے جس کے باعث مظفر آباد، ہٹیاں بالا اور نیچے کی طرف منگلا تک کے علاقوں میں پانی کی سطح بلند ہو سکتی ہے لہٰذا احتیاطی تدابیر اختیار کریں۔
بپھرے دریاﺅں سے مزید تباہی، لاہور کی کئی بستیاں بھی زیر آب

















