گیس کی مقررہ قیمتوں پر عملدرآمد نہ ہونے سے کسانوں پر 7 ارب کا اضافی بوجھ
اسلام آباد:(بیورورپورٹ)گیس کی مقررہ قیمتوں پر عملدرآمد نہ ہونے سے کسانوں پر 7 ارب کا اضافی بوجھ ،آڈٹ رپورٹ جاری کر دی گئی۔
رپورٹ کے مطابق مالی سال 24-2023 میں فرٹیلائزر پلانٹس کو مقامی گیس 1050 روپے فی ایم ایم بی ٹی یو پر فراہم کی گئی ،نرخ ای سی سی ،اوگرا سے منظور شدہ نہیں تھے،ڈی جی گیس پٹرولیم ڈویژن نے اوگرا کے مقرر کردہ نرخوں سے کئی گنا زیادہ ریٹ مقرر کیا،زیادہ ریٹ مقرر کرنے سے یوریا کھاد کی قیمت 837 روپے کلو بوری بڑھی ،بوری کی قیمت 2440 روپے سے بڑھ کر 3277 روپے تک جاپہنچی،فرٹیلائرز پلانٹس نے امونیا ، یوریا پیداوار کیلئے 7 ارب 88 کروڑ اضافی لاگت ادا کی ،کھاد کی فی بوری اضافی پیداواری لاگت کا ملبہ کسانوں پرڈالا گیا۔
دستاویز کے مطابق کسانوں نے 98 لاکھ 30 ہزار سے زائد تھیلوں پر 7 ارب 21 کروڑ کی اضافی لاگت ادا کی ،اوگرا کی مقررہ قیمتوں میں عملدرآمدنہ کرنے سے ملک میں کھاد کی قیمتیں بڑھیں،ڈی جی گیس نے یکطرفہ طور پر 2 کھاد کارخانوں کیلئے 1050 ایم ایم بی ٹی یو کا ریٹ دیا اور ای سی سی کو اندھیرے میں رکھ کر 11 ماہ بعد قیمتوں کی منظوری لے لی ،منظوری لیتے وقت ای سی سی کو اوگرا کے ریٹس موجود ہونے کا نہیں بتایا گیا،آڈٹ حکام نے گیس قیمتوں کے معاملے کی تحقیقات کرنے کی سفارش کر دی ۔



















