لاہور (انوسٹی گیشن سیل/ میاں ذیشان سے) انکم ٹیکس آرڈیننس، فنانس ایکٹ، سٹیمپ ایکٹ کی کھلم کھلا خلاف ورزی، اختیارات کا ناجائز استعمال اور منظم بدعنوانی کے باعث سب رجسٹرار علامہ اقبال ٹاﺅن آفس کے سرکاری کارندوں نے ڈپٹی کمشنر لاہور کے طے شدہ شیڈول ریٹ کو نظر انداز کرتے ہوئے سے کم شرح پر ٹیکسز وصول کر کے حکومتی خزانے کو 47 کروڑ سے زائد کے ریونیو سے محروم کردیا ہے۔ آڈیٹر جنرل آف پاکستان کی سال 2024ءکی آڈٹ رپورٹ نے کرپشن فری پنجاب جیسے کھوکھلے نعرے کو بے نقاب کر کے ریکوری کیلئے واضح طریقہ کار اپنانے کی ہدایات کر دیں۔ ڈپٹی کمشنر لاہور آفس ریکوری کے حوالے سے منعقد ہونیوالی ڈیپارٹمنٹل اکاﺅنٹس کمیٹی کی میٹنگ میں جواز فراہم کرنے میں بری طرح ناکام رہا۔ تفصیلات کے مطابق آڈیٹر جنرل پاکستان نے سال 2024ءمیں کئے جانیوالے آڈٹ میں انکشاف کیا ہے کہ محکمہ بورڈ آف ریونیو کی رجسٹریشن برانچ علامہ اقبال ٹاﺅن میں انکم ٹیکس آرڈیننس ، فنانس ایکٹ اور سٹیمپ ڈیوٹی ایکٹ کی سنگین خلاف ورزی کرتے ہوئے ڈپٹی کمشنر آفس لاہور کی طرف رائج کردہ ویلیوایشن ٹیبل سے کم شرح پر ٹیکسز کی وصولی کرتے ہوئے حکومتی خزانے کو 47 کروڑ 54 لاکھ 64 ہزار 568 روپے کے ریونیو سے محروم کر دیا ہے۔ آڈٹ رپورٹ میں مزید انکشاف کیا گیا ہے کہ نان بینکنگ چینل کے ذریعے جائیداد کی خریداری پر 22 کروڑ 17 لاکھ 40 ہزار 583 روپے جرمانہ وصول نہ کیا گیا ہے۔ فنانس ایکٹ، 2019 انکم ٹیکس آرڈیننس، 2001 کے سیکشن 75 میں ذیلی دفعہ A کے اضافے کے ساتھ ترمیم کرتا ہے کہ کوئی بھی شخص جو نقد یا بیئرر چیک کے ذریعے 50 لاکھ روپے سے زیادہ کی منصفانہ مارکیٹ ویلیو کی غیر منقولہ جائیداد خریدتا ہے، وہ فیڈرل بورڈ آف ریونیو کے سب سیکشن 4، انکم ٹیکس آرڈیننس 2001 سیکشن 68 یا صوبائی اتھارٹی سٹیمپ ڈیوٹی کے مقاصد کیلئے دونوں میں جو زیادہ ہو کے تحت مقرر کردہ جائیداد کی قیمت کا پانچ فیصد جرمانہ ادا کرے گا۔ سب رجسٹرار علامہ اقبال ٹاﺅن کے ریکارڈ کی جانچ پڑتال کے دوران انکشاف ہوا ہے کہ 853 کیسز ایسے تھے جن میں 50 لاکھ سے زائد مالیت بنتی تھی ان کی ادائیگی نان بینک چینلز کے ذریعے کی گئی مگر 5 فیصد جرمانہ وصول نہیں کیا گیا ہے۔ اسی طرح غیر منقولہ جائیداد کی منتقلی پر اسٹامپ ڈیوٹی کی عدم وصولی پر کروڑوں روپے کی بدعنوانی کی گئی ہے۔ سٹیمپ ایکٹ 1899 کے سیکشن 27-A کے ذیلی سیکشن (2) میں کہا گیا ہے کہ جہاں ذیلی دفعہ (1) کے مطابق ایک غیر منقولہ جائیداد سے متعلق ہے جس میں ایک کثیر منزلہ عمارت بھی شامل ہے، زمین اور ڈھانچے کی قیمت الگ سے بتائی جائے گی، اور اسٹامپ ڈیوٹی ڈھانچے میں درج رقبہ یا ڈھانچے کے رقبے کے مطابق ڈھانچے کے احاطہ کے مطابق ہوگی۔ جو بھی زیادہ ہو، اور اگر کوئی منظور شدہ عمارت کا منصوبہ منسلک نہیں ہے تو، قابل ادائیگی ڈیوٹی کے علاوہ اراضی کی قیمت کا دو فیصد ڈیوٹی وصول کی جائیگی جیسا کہ بیع نامہ، تبادلہ نامہ، اور ہبہ نامہ پر عائد اسٹامپ ڈیوٹی کا حساب پنجاب فنانس ایکٹ، 2020 کے مطابق ایک فیصد کی شرح سے متعلقہ ڈسٹرکٹ کلکٹر کے ذریعہ مطلع کردہ ویلیوایشن ٹیبل کے مطابق کیا جانا ضروری ہے۔ رجسٹریشن برانچ علامہ اقبال ٹاﺅن کے سرکاری ہرکاروں نے 408 کیسیز میں 3 کروڑ بیس لاکھ 84 ہزار 179 روپے کی اسٹامپ ڈیوٹی ڈی سی ریٹ کے مطابق بننے والی ویلیوایشن سے کم وصول کر کے حکومتی خزانے کو ٹیکہ لگایا گیا ہے۔ مذکورہ کیسیز میں کثیر تعداد ایسی بھی جو پختہ عمارات کی تھی جس میں متعلقہ ڈیپارٹمنٹ سے منظور شدہ نقشہ نہ ہونے کے سبب 2 فیصد زائد سٹمپ ڈیوٹی وصول کی جانی چاہئے تھی۔ جبکہ فیڈرل بورڈ آف ریونیو کی جانب سے نافذ کردہ ٹیکیسز 236-C اور 236-K میں کرپٹ سرکاری ملازمین نے واجبات میں گھپلے کرتے ہوئے حکومتی خزانے میں جمع کروانے کی بجائے اپنی جیبوں میں ڈال لئے ہیں۔ انکم ٹیکس آرڈیننس 2001 کے سیکشن 236-K کے مطابق، جیسا کہ فنانس ایکٹ، 2023 کے ذریعے ترمیم کیا گیا ہے، غیر منقولہ جائیداد کی رجسٹریشن یا تصدیق/عملدرآمد کے وقت جائیداد کے خریدار سے فائلر سے 3% اور نان فائلر سے 10.5% ایڈوانس ٹیکس وصول کیا جاتا ہے۔جبکہ سیکشن 236-C کے مطابق غیر منقولہ جائیداد کی رجسٹریشن یا تصدیق/انکشاف منتقلی کے وقت فائلر سے 3% اور نان فائلر سے جائیداد کے بیچنے والے سے 6% ایڈوانس ٹیکس وصول کیا جاتا ہے۔ جبکہ خونی رشتوں میاں، بیوی، باپ، ماں، بیٹا، بیٹی، بھائی اور بہن کو ہبہ نامہ پر ایف بی آر ٹیکسز سے استثنیٰ حاصل تھا۔ رجسٹریشن برانچ کے سرکاری کارندوں نے انکم ٹیکس آرڈیننس کے سیکشن 23-K کے تحت جائیداد منتقلی کے ٹیکس کی وصولی کے 558 کیسز میں 15 کروڑ 70 لاکھ 61 ہزار 656 روپے اور سیکشن 236-C کے تحت ٹیکس وصولی کے 572 کیسیز میں 6 کروڑ 45 لاکھ 78 ہزار 241 روپے کے واجبات سے حکومتی خزانے کو محروم کر دیا ہے۔ مزید معلوم ہوا ہے کہ ستمبر 2024 اور جنوری 2025 کی ڈیپارٹمنٹل اکاﺅنٹس کمیٹی میں متعلقہ آفس نے نہ تو کوئی ریکوری حوالے سے پیشرفت کے بارے میں آگاہ کیا ہے اور نہ ہی کوئی جواب جمع کروایا ہے۔ آڈٹ رپورٹ خیال ظاہر کیا گیا ہے کہ کمزور داخلی اور انتظامی کنٹرول کے نتیجے میں حکومتی محصولات کی وصولی کم ہوئی۔اس کی مکمل تحقیقات کی جائیں اور ذمہ داران پر قانونی گرفت کا شکنجہ کسا جائے تا کہ مستقبل میں اس طرح کے واقعات میں کمی واقع ہو سکے۔
اس حوالے سے رجسٹریشن برانچ علامہ اقبال ٹاﺅن میں گزشتہ چار سال سے تعینات رہنے والے رجسٹری محرر چوہدری وقار سے ٹیکسز کی مد میں بدعنوانی اور ریکوری میں پیشرفت جاننے کیلئے رابطہ کیا گیا تو ان کا کہنا تھا کہ آڈیٹر جنرل کے پیراز کو ملازم ڈیل کرتا ہے وہ چھٹی پر ہے۔ وہ واپس آتا ہے تو میں اس حوالے سے آپکو تفصیلات سے آگاہ کرتا ہوں۔ لیکن اس کے بعد بار ہا کالز اور میسجز کئے گئے لیکن ان کی طرف سے نہ تو کوئی کال ریسیو کی گئی اور نہ ہی کسی بھی میسج کا ریپلائی دینا مناسب سمجھا گیا۔ یہاں یہ بات قابل ذکر ہے کہ آڈٹ سال 2024ءمیں کیا گیا تھا جبکہ مذکورہ رجسٹری محرر سابقہ چار سال سے سب رجسٹرار کے سیاہ و سفید کا مالک تصور کیا جاتا ہے۔ رجسٹری محرر اگر اس حوالے سے اپنی وضاحتی بیان دینا چاہیں تو ادارہ ہذا میں ان کے موقف کو من و عن شائع کیا جائیگا۔
اس حوالے سے ڈپٹی کمشنر لاہور سید موسیٰ رضا، ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر ریونیو صہیب بٹ اور ترجمان ڈپٹی کمشنر حارث سلہری سے بھی ان کا موقف جاننے کیلئے بار ہا رابطہ کیا گیا ہے لیکن ان کی طرف سے کوئی موقف سامنے نہیںلایا گیا ہے۔ گزشتہ ایک سال سے لاہور رجسٹریشن برانچوں میں ٹیکسز کی مد میں منظم بدعنوانی کے تحت صوبائی اور فیڈرل حکومتوں کی طرف سے نافذ کئے جانے والے ٹیکسز میں کروڑوں روپے کے گھپلوں کے سنگین واقعات منظر عام پر آ رہے ہیں۔ لیکن متعلقہ اتھارٹیز کی طرف سے نہ تو کوئی انکوائری کی جا رہی ہے اور نہ ہی ٹیکسز کی ریکوری میں کوئی مربوط لائحہ عمل مرتب دیا جا رہا ہے جو کہ ڈپٹی کمشنر لاہور سید موسیٰ رضا اور ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر لاہور صہیب بٹ کی نااہلی اور عدم دلچسپی کا منہ بولتا ثبوت ہے۔ افسران بالا مذکورہ خبر کے حوالے سے اپنا کوئی موقف یا وضاحتی بیان پیش کرنا چاہیں تو روزنامہ مشرق میں انکے موقف کو من و عن شائع کیا جائیگا۔
سب رجسٹرار علامہ اقبال ٹاﺅن آفس، قوانین کی خلاف ورزی، خزانے کو کروڑوں کا نقصان



















