سینٹرل کنٹریکٹس کااعلان،اے کیٹیگری ختم ،بابر،رضوان،شان،نسیم کی تنزلی

لاہور: (سپورٹس رپورٹر،ایم این پی)اے کیٹیگری ختم ،بابر،رضوان،شان،نسیم کی تنزلی، پی سی بی نے 26-2025 سیزن کےلئے سینٹرل کنٹریکٹس کا اعلان کر دیا،معاہدے یکم جولائی 2025 سے 30 جون 2026 تک موثر رہیں گے۔

سنٹرل کنٹریکٹس میں12نئے چہرے احمد دانیال، فہیم اشرف، حسن علی، حسن نواز، حسین طلعت، خوشدل شاہ، عباس آفریدی، حارث، نواز، صاحبزادہ فرحان، سلمان مرزا اور صفیان مقیم کو بھی شامل کرلیا گیا۔

کھلاڑیوں کو پرفارمنس کی بنیاد پر بی، سی ،ڈی کیٹیگری میں تقسیم کر دیا گیا،10،10 کھلاڑی ہر کیٹیگری کاحصہ ہیں،ا ے کیٹیگری فی الحال ختم کردی گئی ،نسیم شاہ بی سے سی ،ٹیسٹ کپتان شان مسعود بی سے ڈی کیٹیگری میں چلے گئے ،اوپنر فخر زمان کی بی کیٹیگری میں واپسی ہوئی۔

بابر اعظم، رضوان، شاہین شاہ آفریدی، فخر زمان، شاداب خان، ابرار احمد، حارث روف، حسن علی، صائم ایوب ،سلمان علی آغا بی کیٹیگری میں شامل ہیں،عبداللہ شفیق، نسیم شاہ، سعود شکیل، فہیم اشرف، ساجد خان، نواز، حارث، صاحبزادہ فرحان، حسن نواز اور نعمان علی کو سی کیٹیگری میں رکھا گیا۔

حسین طلعت، عباس، وسیم جونیئر، خوشدل شاہ، احمد دانیال، سلمان مرزا، عباس آفریدی، خرم شہزاد اور صفیان مقیم ڈی کیٹیگری کاحصہ ہیں،8 کھلاڑی کنٹریکٹ حاصل کرنے میں ناکام رہے۔