پاکستان اور بھارت کے درمیان جنگ بندی پر مسلسل نظر ہے، امریکی وزیر خارجہ

واشنگٹن (مشرق نیوز) امریکی وزیر خارجہ مارکو روبیو نے کہا ہے کہ امریکا پاکستان اور بھارت کے درمیان جنگ بندی پر مسلسل نظر رکھے ہوئے ہے، جنگ بندی کو برقرار رکھنا آسان نہیں ہے، یہ ہمیشہ پیچیدہ اور چیلنجنگ ہوتا ہے۔ایک انٹرویو میں امریکی وزیرخارجہ نے کہا کہ ہم پاکستان اور بھارت پر نظر رکھے ہوئے ہیں، ہماری مسلسل نظر ہے کہ پاک بھارت کے درمیان کیا ہورہا ہے، جنگ بندی تب ہی ممکن ہے جب دونوں فریق آپس میں لڑائی روکنے پر رضا مند ہوں، اور روس نے ابھی تک ایسا نہیں کیا۔مارکو روبیو نے کہا کہ امریکا روزانہ مختلف علاقوں جیسے پاکستان اور بھارت، کمبوڈیا اور تھائی لینڈ کے درمیان حالات پر نظر رکھتا ہے، تاکہ جنگ بندی قائم رکھی جا سکے،۔روبیو نے کہا کہ ہم بہت خوش قسمت ہیں کہ ہمارے پاس ایک ایسا صدر ہے جس نے امن کو اپنی انتظامیہ کی ترجیح بنایا ہے، ہم دنیا بھر میں امن کیلئے ہر موقع کا فائدہ اٹھائیں گے۔ دریں اثناءوائٹ ہاﺅس کے تجارتی مشیر پیٹر نیوارو نے فناشل ٹائمز میں شائع ایک مضمون میں لکھا ہے بھارت کو عسکری ٹیکنالوجی کی منتقلی امریکی کمپنیوں کیلئے خطرناک ہو سکتی ہے۔ بھارت کو روس سے خام تیل خریدنا بند کرنا ہوگا۔نیوارو نے کہا بھارت اب روس اور چین دونوں کے قریب ہو رہا ہے، اگر بھارت چاہتا ہے کہ اسے امریکہ کا اسٹریٹجک پارٹنر سمجھا جائے تو اسے اس کے مطابق برتاﺅ کرنا ہوگا۔