معاشی استحکام آچکا، کارپوریٹ سیکٹر اور سیلری کلاس پر ٹیکس کا بوجھ کم کرینگے، وفاقی وزیر خزانہ
کراچی (مشرق نیوز) وفاقی وزیر خزانہ محمد اورنگزیب نے کہا ہے کہ معیشت میں اسٹرکچرل ریفارمز آچکیں، ایف بی آر کو 2 حصوں میں تقسیم اور پنشن فنڈز ریفارم کررہے ہیں، ملک میں معاشی استحکام آچکا، کوشش ہے کارپوریٹ سیکٹر اور سیلری کلاس پر ٹیکس کا بوجھ کم کریں گے، حکومت کا کام نجی شعبے کو اچھا ماحول فراہم کرنا ہے، ہم پاکستان میں 2 خطرات کا سامنا کررہے ہیں، ایک بڑھتی آبادی اور دوسرا موسمیاتی تبدیلی، پاکستان کا مستقبل نجی شعبے کے ہاتھ میں ہے، نجی شعبہ حکومت کا ساتھ دے۔وفاقی وزیر خزانہ محمد اورنگزیب نے پاکستان بینکس ایسوسی ایشن کی ورکشاپ سے خطاب میں کہا بڑی ریٹنگ ایجنسیز نے پاکستان کی معیشت میں بہتری کا اعتراف کیا، فچ، موڈیز اور ایس اینڈ پی گلوبل نے ووٹ آف کانفیڈنس دیا، گیلپ سروے نے بتایا کہ پاکستان کی سمت درست ہونے پر اداروں کا اعتماد بڑھا، ورلڈ بینک اور دیگر مالیاتی اداروں نے بھی سراہا ہے۔انہوں نے کہا یہ صحیح وقت ہے کہ ملک کا مالی شعبہ آگے آئے، کیپٹل مارکیٹ کی ترقی بینکس کے بغیر ممکن نہیں، انفرا اسٹرکچر اور معاشی منصوبوں میں بینکس اور مالیاتی ادارے انویسٹمنٹ کریں، ہماری سوچ ہے کہ یہ تو ہونا ہی تھا، ہونا ہی نہیں ہوتا کرنا پڑتا ہے۔وزیر خزانہ نے کہاکہ سکوک بانڈز، ویئر ہاسز انڈسٹریز اس میں پیسہ لگانا ہوگا، نجی شعبے کو کہتا ہوں ملکی ترقی کے منصوبوں میں آپ کی کیا شراکت ہے؟، ہم نے بجٹ میں سخت فیصلے کیے، کسٹمز ٹیرف ریفارمز کررہے ہیں، ہوم گرون ایجنڈا ہے، تین وزارتیں ملکر اس پر کام کر رہی ہیں، دوسرے کیش لیس اکانومی کے ماڈل پر سب مل کر کام کررہے ہیں۔ وزیر خزانہ نے کہا کہ سٹیٹ بینک ایکسچینج ریٹ اور شرح سود پر کام کررہا ہے، صورتحال مزید بہتر ہوگی۔



















