امریکہ کے ساتھ تجارت اور سرمایہ کاری کو بڑھانا چاہتے ہیں: وفاقی وزیر خزانہ

واشنگٹن، اسلام آباد (مشرق نیوز) وفاقی وزیر خزانہ محمد اورنگزیب نے امریکہ کے وزیر تجارت سے ملاقات کے بعد کہا ہے کہ پاکستان اور امریکا کے درمیان ابھی کچھ امور پر بات چیت ہونا باقی ہے، امید ہے کہ تجارتی مذاکرات تعمیری انداز میں آگے بڑھیں گے۔

انہوں نے بتایا کہ ملاقات میں پاکستان اور امریکہ کے درمیان تجارتی تعلقات پر گفتگو کی گئی، حالیہ چند ماہ سے جاری دو طرفہ تجارتی مذاکرات کا احاطہ کیا گیا، امید ہے کہ تجارتی مذاکرات تعمیری انداز میں آگے بڑھیں گے جو دونوں معیشتوں کیلئے فائدہ مند ثابت ہوں گے۔

وزیر خزانہ نے کہا کہ بہت جلد دونوں ممالک کی قیادت تجارتی معاہدے کا اعلان کریگی، امریکہ پاکستان کا سب سے بڑا تجارتی شراکت دار ہے، امریکا کے ساتھ تجارت اور سرمایہ کاری کو بڑھانا چاہتے ہیں۔ انہوں نے یہ بھی بتایا کہ امریکہ کے ساتھ سرمایہ کاری کے شعبوں میں تعاون کو بڑھایا جا رہا ہے، پاکستان روایتی و غیر روایتی شعبوں جیسے آئی ٹی، ٹیکنالوجی، معدنیات اور زراعت میں تعاون کا خواہاں ہے۔

قبل ازیں وفاقی وزیر خزانہ سینیٹر محمد اورنگزیب کی سربراہی میں پاکستانی وفد نے واشنگٹن میں امریکی وزیر تجارت ہاورڈ لٹنک اور امریکی تجارتی نمائندے جیمیسن گریئر سے ملاقات کی، ملاقات میں دوطرفہ تجارت اور سرمایہ کاری کو فروغ دینے پر تبادلہ خیال کیا گیا۔

سرکاری ذرائع کے مطابق فریقین نے پاک امریکہ تجارتی تعلقات میں پیش رفت پر اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے اس عزم کا اعادہ کیا کہ معاشی تعاون کو مزید مستحکم اور جامع بنایا جائیگا۔ملاقات میں باہمی مفادات کے تمام ممکنہ شعبوں میں شراکت داری کو بڑھانے پر اتفاق کیا۔