تاجروں کے مسائل کا حل اوّلین ترجیح ہونی چاہئے: گورنر پنجاب

لاہور (سٹاف رپورٹر) پاکستان کی تاجر و صنعتی برادری کیلئے ایک اہم پیشرفت کے طور پر فاونڈر گروپ کے چیئرمین میاں مصباح الرحمن کی قیادت میں ایک اعلیٰ سطحی وفد نے گورنر پنجاب سردار سلیم حیدر سے گورنر ہاوس لاہور میں ملاقات کی۔ اس ملاقات میں ملک بھر سے کاروباری شخصیات اور صنعتکاروں نے شرکت کی جنہوں نے موجودہ بجٹ اور معاشی پالیسیوں پر سنجیدہ تحفظات کا اظہار کیا۔ یہ ملاقات معروف تاجر رہنما اور کوارڈینیٹر پیپلز ٹریڈرز ونگ عمر سلیم کی کوششوں سے ممکن ہوئی جس میں 11 چیمبرز آف کامرس کے نمائندگان شریک ہوئے جن میں قصور، شیخوپورہ، سیالکوٹ، ننکانہ، رحیم یار خان، سرگودھا اور وہاڑی شامل ہیں۔ اسکے علاوہ مختلف تجارتی و صنعتی شعبہ جات جیسے جیولری ایسوسی ایشن، سٹیل انڈسٹری، فوم انڈسٹری، فلیکس پیک انڈسٹری، انجمن خواجگان کے نمائندے بھی شریک تھے۔ مزید برآں مختلف اہم شعبوں سے وابستہ کاروباری شخصیات جیسے خادم حسین (ماربل و گرینائٹ انڈسٹری)، عادل منیر (کیمیکل و پلاسٹک سیکٹر) اور علی رضا (الیکٹرک سیکٹر) بھی اجلاس میں موجود تھے۔ ملاقات کے دوران وفد نے وفاقی بجٹ میں شامل انکم ٹیکس آرڈیننس کی شق 20، 21S، 22، 37A، 37AA اور 38B پر شدید تحفظات کا اظہار کیا۔ انکا کہنا تھا کہ ایف بی آر کو بے جا اختیارات دینے، لیٹرز آف کریڈٹ کھولنے میں تاخیر، اور خام مال پر بھاری درآمدی ڈیوٹی جیسے اقدامات نے کاروباری ماحول کو غیر یقینی اور خوف زدہ بنا دیا ہے، جو معیشت کو مفلوج کر سکتا ہے۔اس موقع پر میاں مصباح الرحمن نے پاکستان کی معیشت کا 2005 اور 2025 کے درمیان تقابلی جائزہ پیش کیا۔ انہوں نے کہا کہ 2005 میں معیشت 7 فیصد کی شرح سے ترقی کر رہی تھی، برآمدات 16.5 ارب ڈالر تھیں، جی ڈی پی 100 ارب ڈالر سے تجاوز کر چکی تھی اور روپیہ مستحکم تھا۔ اگر وہی رفتار قائم رہتی تو آج پاکستان کی برآمدات 100 ارب ڈالر سے بڑھ چکی ہوتیں اور جی ڈی پی 900 ارب ڈالر سے زائد ہوتی۔ انہوں نے افسوس کا اظہار کیا کہ تاجر برادری کو پالیسی سازی سے باہر رکھ کر جو فیصلے کئے گئے، انہوں نے ملک کو ہر محاذ پر پیچھے دھکیل دیا۔ مجاہد شیخ جو فلیکس پیک انڈسٹری کی نمائندگی کر رہے تھے، نے اس شعبے کے مخصوص مسائل بیان کئے۔ انہوں نے بتایا کہ خام مال کی درآمد میں رکاوٹیں، پالیسیوں میں عدم استحکام، اور بھاری ٹیکسز کے باعث ہزاروں ملازمتیں خطرے میں ہیں۔اجلاس میں شریک دیگر اہم شخصیات میں شیخ ابراہیم (سینئر وائس چیئرمین فاو¿نڈر گروپ)، حاجی اکرم، اور کاشف کھوکھر (صدر قصور چیمبر آف کامرس) بھی شامل تھے۔شیخ ابراہیم نے واضح طور پر کہا کہ جب تک تاجروں کو پالیسی سازی میں شامل نہیں کیا جائے گا، تب تک معاشی استحکام محض ایک خواب ہی رہیگا۔ گورنر پنجاب سردار سلیم حیدر نے وفد کی بات کو انتہائی سنجیدگی سے سنا اور یقین دہانی کروائی کہ وہ ان مسائل کو صدرِ پاکستان اور پاکستان پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری کے سامنے رکھیں گے۔ انہوں نے تسلیم کیا کہ ملک کی معیشت میں تاجر برادری ریڑھ کی ہڈی کی حیثیت رکھتی ہے اور ان کے مسائل کا حل اولین ترجیح ہونی چاہئے۔ اجلاس کے اختتام پر وفد نے گورنر کا شکریہ ادا کیا اور امید ظاہر کی کہ ان کی آواز کو سنجیدگی سے سنا جائیگا اور موجودہ معاشی بحران کے حل کیلئے فوری اور ٹھوس اقدامات کئے جائیں گے۔