چیف جسٹس کا غریب سائلین کو مفت قانونی نمائندگی فراہم کرنے کا اعلان
کوئٹہ، اسلام آباد (بیورو رپورٹ) چیف جسٹس یحییٰ آفریدی نے غریب سائلین کو مفت قانونی نمائندگی فراہم کرنے کا اعلان کر دیا، وکلاءکو ریاست کی جانب سے 50 ہزار روپے تک معاوضہ دیا جائےگا،قانونی معاونت کا دائرہ کار سپریم کورٹ تک بڑھانے کا فیصلہ بھی کیا گیا،چیف جسٹس جسٹس یحییٰ آفریدی کی زیر صدارت سپریم کورٹ کوئٹہ رجسٹری برانچ میں اعلیٰ سطحی اجلاس ہوا ، اعلامیے کے مطابق اجلاس میں بار ایسوسی ایشنز اور لاءاینڈ جسٹس کمیشن کے درمیان تعاون کا جائزہ لیا گیا اور انصاف کی فراہمی کو بہتر بنانے کےلئے ادارہ جاتی روابط مضبوط کرنے پر غور کیا گیا،اجلاس میں بلوچستان ہائی کورٹ، سپریم کورٹ بار اور پاکستان بار کونسل کے نمائندوں نے شرکت کی،چیف جسٹس نے ہر صوبے میں لاء اینڈ جسٹس کمیشن کے نمائندوں کی تعیناتی کا اعلان کیا جو ضلعی بارز میں ترقیاتی منصوبوں کی نگرانی کریں گے،انہوں نے کم ترقی یافتہ اضلاع میں عدالتی بنیادی ڈھانچے کی کمی پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے ضلعی سطح پر انصاف کے منصوبوں پر موثر عملدرآمد کی ہدایت کی،چیف جسٹس نے بارز سے اہل وکلاءکے نام نامزد کرنے اور وکلائ کی تربیت کےلئے فیڈرل جوڈیشل اکیڈمی کے پروگرامز سے استفادہ کرنے کی ہدایت کی ، تربیتی کیلنڈر کو بارز میں وسیع پیمانے پر تقسیم کرنے کا بھی فیصلہ کیا گیا،چیف جسٹس نے اعلان کیا کراچی میں ہونے والے اگلے اجلاس میں بارز کے مسائل پر مزید مشاورت کی جائے گی،دوسری جانب پیکا ایکٹ اور صحافیوں کے ایشوز کے حوالے سے انٹرنیشنل فیڈریشن آف جرنلسٹس نے چیف جسٹس یحییٰ آفریدی کو خط لکھ دیا،چیف جسٹس کے لکھ گئے خط کی کاپی وزیر اعظم، چیف جسٹس اسلام آباد ہائیکورٹ اور صدر پی ایف یو جے کو بھی بھجوائی گئی ہے،انٹرنیشنل فیڈریشن آف جرنلسٹس نے اپنے خط میں کہا پاکستان میں صحافیوں کو پیشہ ورانہ فرائض کی انجام دہی میں بڑھتے خطرات کا سامنا ہے، صحافیوں کو پیکا قانون کے تحت مقدمات، ہراسانی اور دھمکیوں کا سامنا ہے، پاکستان نے انٹرنیشنل لیبر آرگنائزیشن اور اقوام متحدہ کے کنونشنز پر دستخط کر رکھے ہیں،آئی ایف جے نے لکھا پیکا کے تحت آزادی اظہار اور بنیادی حقوق محدود ہو رہے ہیں،خط میں انٹرنیشنل فیڈریشن آف جرنلسٹس نے چیف جسٹس سے اپیل پیکا قانون کا فوری طور پر ازسرنو جائزہ لیا جائے۔

















