تمام ترقیاتی کام بروقت مکمل کئے جائیں: کمشنر ساہیوال

ساہیوال (بےورو رپورٹ) کمشنر ساہیوال ڈویژن ڈاکٹر آصف طفیل نے کہا ہے کہ پسپ پروگرام کی تکمیل سے ساہیوال شہر میں سیوریج اور پینے کے صاف پانی کی فراہمی کے مسائل آئندہ 30 سال تک حل ہو جائیں گے جس سے شہریوں کے معیار زندگی میں نمایاں بہتری آئیگی۔انہوں نے پروگرام کے جاری منصوبوں کی بروقت تکمیل پر زور دیتے ہوئے ہدایت کی کہ تمام کام ڈیڈ لائنز کے مطابق مکمل کئے جائیں۔ وہ اپنے دفتر میں پسپ پروگرام کے حوالے سے منعقدہ جائزہ اجلاس سے خطاب کر رہے تھے جس میں ایڈیشنل کمشنر کوآرڈی نیشن ڈاکٹرسیف اللہ بھٹی، ڈائریکٹر ڈویلپمنٹ اینڈ فنانس شفیق احمد ڈوگر، ڈپٹی ڈائریکٹر ٹیکنیکل عمران خان، سٹی منیجر اسجد علی، اسسٹنٹ کمشنر جنرل غلام حسین بھٹی اور متعلقہ افسران نے شرکت کی۔اجلاس کے دوران سٹی منیجر نے بریفنگ دیتے ہوئے بتایا کہ کالج چوک، مال منڈی چوک اور کمپری ہنسو چوک پر جاری ترقیاتی کام اسی ماہ کے آخرتک جبکہ سیوریج لائنز بچھانے کا باقی کام 30 ستمبر کی ڈیڈ لائن تک مکمل کیا جائے گا۔انہوں نے مزید بتایا کہ پسپ پروگرام کے تحت ساہیوال شہر میں مختلف ترقیاتی منصوبوں پر مجموعی طور پر 18 ارب روپے کے خطیر فنڈز خرچ کئے جا رہے ہیں۔ دریں اثناءکمشنر ساہیوال ڈویژن ڈاکٹر آصف طفیل نے ڈویژنل پبلک سکول ساہیوال کا دورہ کیاجہاں انہوں نے تعلیمی معیار، نظم و ضبط اور صفائی ستھرائی کے حوالے سے تفصیلی جائزہ لیا۔ پرنسپل ڈی پی ایس اکبر علی اور برسر کاشف ستار بھی ان کے ہمراہ تھے، جنہوں نے ادارے سے متعلق بریفنگ دی اور مختلف شعبوں کا دورہ کرایا۔کمشنر ساہیوال نے کلاس رومز، تدریسی عمل اور طلبا کی سرگرمیوں کا مشاہدہ کیا۔ انہوں نے تعلیمی ماحول کو تسلی بخش قرار دیتے ہوئے سکول انتظامیہ کی کاوشوں کو سراہا۔ کمشنر نے صفائی، نظم و نسق اور تدریسی معیار کے حوالے سے بھی تفصیلات معلوم لیں۔ڈاکٹر آصف طفیل نے ہدایت کی کہ نصابی و ہم نصابی سرگرمیوں کو مزید فروغ دیا جائے تاکہ طلبا کی ہمہ جہت شخصیت سازی ممکن ہو۔ انہوں نے پرنسپل اکبر علی اور تدریسی عملے کی کارکردگی پر اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے ادارے کیلئے نیک خواہشات کا اظہار بھی کیا۔