کراچی (مشرق نیوز) کراچی کے قومی ادارہ برائے امراض قلب (این آئی سی وی ڈی) میں بین الاقوامی معیار کا کلینیکل ٹرائلز یونٹ قائم کیا جا رہا ہے۔ تفصیلات کے مطابق یہ یونٹ نہ صرف تحقیقی سرگرمیوں کو فروغ دیگا بلکہ غیر ملکی فنڈنگ کے حصول میں بھی مددگار ثابت ہوگا۔ یہ یونٹ ہسپتال کی بالائی منزل پر قائم کیا جائیگا جو ڈرگ ریگولیٹری اتھارٹی آف پاکستان (ڈریپ) کے متعین کردہ اصولوں کے مطابق مکمل ہوگا۔
ان خیالات کا اظہار قومی ادارہ برائے امراض قلب کے ایگزیکٹیو ڈائریکٹر پروفیسر طاہر صغیر نے ایکسپریس نیوز سے گفتگو کے دوران کیا۔ انہوں نے کہا کہ کراچی این آئی سی وی ڈی کی پرانی او پی ڈی کی عمارت کی بالائی منزل پر کلینیکل ٹرائلز یونٹ قائم کیا جائیگا، جہاں بین الاقوامی معیار کے مطابق ریسرچ کی جاسکیں گی،ماضی میں بچوں کو امراض قلب کے علاج کیلئے پڑوسی ممالک سے علاج کروانا پڑتا تھا،جو مالی طور پر ایک بڑا مسئلہ تھا،اس ریسرچ یونٹ کے ذریعے علاج کے معیار کی بہتری اور نئی تحقیق پر کام کیا جائیگا۔
انہوں نے کہا کہ یہ منصوبہ سول سوسائٹی کے تعاون سے بلڈ، آپریٹ اینڈ ٹرانسفر (بی او ٹی) کے ماڈل پر مکمل کیا جائیگا۔ یہ یونٹ نجی کمپنی کی جانب سے تیار کرکے ہمارے حوالے کیا جائیگا جس میں ہمارا کردار مانیٹرنگ کا ہوگا جبکہ کلینکل ٹرائلز یونٹ کے ساتھ یہاں کانفرنس ہال اور لائبریری بھی تیار کی جائیگی۔انہوں نے کہا کہ ہسپتال میں ایک نئی او پی ڈی تعمیر کی جا رہی ہے جو رواں سال اکتوبر یا نومبر تک فعال ہو جائیگی جس کا داخلی راستہ ہسپتال سے باہر ہوگا تاکہ ہسپتال پر دباو کم ہو، نئی او پی ڈی کا تخمینہ سوا ارب روپے ہے۔
پروفیسر طاہر صغیر کا کہنا تھا کہ کلینیکل ٹرائلز یونٹ کے ساتھ ساتھ نئی او پی ڈی اور ایمرجنسی کی توسیع کے منصوبے بھی سول سوسائٹی کے تعاون سے بلڈ، آپریٹ اینڈ ٹرانسفر (بی او ٹی) کے ماڈل پر مکمل کئے جا رہے ہیں۔ این آئی سی وی ڈی میں پیڈیاٹرک بلاک کا پہلا مرحلہ رواں سال نومبر تک جزوی طور پر فعال کر دیا جائیگا۔ اس مرحلے میں بچوں کیلئے مخصوص ایمرجنسی، وارڈ اور آئی سی یو کی سہولیات فراہم کی جائیں گی۔ اسی دوران ادارے کی نئی او پی ڈی بھی فعال ہوجائیگی جبکہ پرانی او پی ڈی کی جگہ ایمرجنسی وارڈ کو وسعت دی جائیگی۔
انہوں نے کہا کہ بھارت کے ساتھ کشیدگی کے باعث وفاق کی جانب سے بجٹ کم ملنے کے باوجود سندھ حکومت نے پیڈیاٹرک بلاک کیلئے 2.5 ارب روپے مختص کئے ہیں۔ اس رقم سے ہسپتال میں زیر تعمیر پیڈیاٹرک بلاک کے دو انڈر گراونڈ اور دو فلورز مکمل کئے جائیں گے جس میں خصوصی طور پر بچوں کیلئے ایمرجنسی، ایک وارڈ اور آئی سی یو ہوں گے۔
انہوں نے مزید کہا کہ فی الحال بچوں کیلئے صرف ایک وارڈ ہے جہاں ایک بیڈ پر تین بچے لیٹنے پر مجبور ہیں۔ کیتھ لیب اور سرجری بھی بالغ مریضوں کے ساتھ شیئر کی جا رہی ہے، جہاں صرف دو آپریشن تھیٹرز بچوں کیلئے موجود ہیں۔انہوں نے امید ظاہر کی کہ 2026 کے ابتدائی مہینوں میں این آئی سی وی ڈی میں ان منصوبوں کے سبب مثبت تبدیلیاں نظر آنا شروع ہو جائیں گی۔
این آئی سی وی ڈی میں عالمی معیار کا کلینیکل ٹرائلز یونٹ قائم



















