لاہور (کرائم رپورٹر) انسداد منشیات کے عالمی دن کی مناسبت سے اینٹی نارکوٹکس فورس ریجنل ڈائریکٹوریٹ پنجاب کے زیر اہتمام الحمرا آرٹس کونسل لاہور میں ایک باوقار تقریب کا انعقاد کیا گیا۔ تقریب کا مقصد منشیات کی لعنت کے خلاف آگاہی پھیلانا اور معاشرے کو اس ناسور سے پاک کرنے کے عزم کا اعادہ تھا۔ تقریب کے مہمان خصوصی ڈائریکٹر جنرل اینٹی نارکوٹکس فورس میجر جنرل عبدالمعید (ہلال امتیاز ملٹری) تھے۔ شرکاءسے خطاب کے دوران مہمان خصوصی میجر جنرل عبدالمعید نے اے این ایف کی کاوشوں، قربانیوں کو سراہا اور عوامی کردار کی اہمیت پر روشنی ڈالی۔ تقریب کے آغاز میں ریجنل ڈائریکٹر اے این ایف پنجاب نے معزز مہمانوں کو خوش آمدید کہا اور فورس کی کامیابیوں اور جاری مہم پر تفصیلی بریفنگ دی۔تقریب میں اے این ایف کے شہداءکے اہل خانہ سمیت مختلف سرکاری و نجی اداروں کے نمائندگان، یونیورسٹیوں کے وائس چانسلرز، نامور سماجی شخصیات، ڈاکٹرز، طلبہ، قومی کھلاڑیوں، این جی اوز اور سول سوسائٹی کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔ تقریب سے معروف سماجی رہنما ڈاکٹر امجد ثاقب، سابق مشیر قومی سلامتی ڈاکٹر معید یوسف اور لیفٹیننٹ جنرل (ر) ناصر جنجوعہ نے خطاب کرتے ہوئے نوجوانوں میں شعور اجاگر کرنے اور منشیات کے خلاف متحد ہونے پر زور دیا۔گورنمنٹ کالج یونیورسٹی کے طلبہ نے ایک سبق آموز خاکہ بھی پیش کیا جبکہ نوجوان گائیک فراز بٹ نے ملی نغمہ پیش کر کے شرکاءکے دل جیت لئے۔تقریب کی میزبانی کے فرائض ڈاکٹر ناصر بیگ اور منیزے معین نے نبھائے۔ تقریب کے اختتام پر تمام شرکا نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ وہ نہ صرف خود منشیات سے دور رہیں گے بلکہ معاشرے کو اس ناسور سے بچانے کیلئے بھرپور کردار ادا کریں گے تاکہ ایک صحتمند، محفوظ اور خوشحال پاکستان تشکیل دیا جا سکے۔ علاوہ ازیں انسداد منشیات کے عالمی دن کے موقع پر اے این ایف پنجاب کے زیر اہتمام لاہور میں بھی ایک پروقار تقریب کا انعقاد کیا گیا جس کا مقصد اے این ایف کے عظیم شہدا اور انکے اہل خانہ کو خراج تحسین پیش کرنا تھا۔
انسداد منشیات کے عالمی دن پر تقریب، معاشرے کو ناسور سے بچانے کیلئے کردار ادا کرینگے ،شرکا

















