آئی اے ای کےساتھ تعاون معطل،ایٹمی پروگرام نہیں رکے گا،ایران

تہران: (مشرق نیوز)ایٹمی پروگرام کسی صورت نہیں رکے گا،ایران نے واضح اعلان کردیا۔

وزیر خارجہ عباس عراقچی نے دوٹوک انداز میں کہا 12روزہ اسرائیلی جارحیت نے قوم کے عزم کو مزید مضبوط بنایا،جوہری ٹیکنالوجی حاصل کرنے کےلئے بے شمار قربانیاں دیں،سائنسدانوں نے جام شہادت نوش کیا،عوام نے ناقابل برداشت مشکلات برداشت کیں، جنگ مسلط کی گئی مگر پیچھے ہٹنے کی بجائے آگے بڑھنے کا فیصلہ کیا۔

عباس عراقچی نے کہااب بات یقینی ہے ایران میں کوئی بھی فرد یا ادارہ جوہری ٹیکنالوجی سے دستبردار نہیں ہوگا،پرعزم ،متحد ہیں اور اپنے قومی مفاد کے تحفظ کیلئے ہر سطح پر تیار رہیں گے۔

دریں اثنا ایران نے عالمی ایٹمی توانائی ایجنسی کےساتھ تعاون معطل کر دیا،پارلیمنٹ نے بل کی منظوری دےدی،پارلیمانی کمیٹی نے امریکی و اسرائیلی جارحیت کے نتیجے میں انٹرنیشنل ایٹمی توانائی ایجنسی (آئی اے ای اے) کے طرز عمل پر تعاون معطل کرنے کے بل کی منظوری دی۔

پارلیمنٹ کی قومی سلامتی اور خارجہ پالیسی کمیٹی کے ترجمان ابراہیم رضائی نے تصدیق کر تے ہوئے کہاپارلیمانی کمیٹی کے طویل سیشن میں صورتحال کا جائزہ لینے کے بعد بل کی منظوری دی گئی،بل کے حق میں 222 ووٹ ڈالے گئے، کسی نے بھی خلاف ووٹ نہیں دیا، صرف ایک رکن پارلیمنٹ نے ووٹ کا حق استعمال نہیں کیا ،اقدام کی حتمی منظوری سپریم نیشنل سکیورٹی کونسل دے گی،بل کونسل سے منظور ہوتا ہے تو ایران کی حکومت آئی اے ای اے کےساتھ تعاون معطل کرے گی ،گارنٹی نہیں دی جائے گی۔

ایرانی میڈیا کے مطابق بل کے تحت جوہری تنصیبات کی سکیورٹی ضمانت کے بغیر آئی اے ای اے کے معائنہ کاروں کا داخلہ بند کردیا گیا، ایران اپنی جوہری سائٹس پر کیمروں کی تنصیب نہیں کرے گا،انسپکشن کےلئے عالمی ادارے کو رپورٹس بھی جمع نہیں کرائی جائیں گی۔

ادھر ایرانی فوج نے اعلیٰ قومی سلامتی کونسل کے اجلاس میں کہاجنگ بندی کا فیصلہ قومی مفاد میں کیا،مثالی جواب نے دشمن کو پشیمانی و شکست تسلیم کرنے پر مجبور کیا،مسلح افواج دشمن پر کوئی بھروسہ نہیں کرتیں اور ہر وقت کسی بھی خلاف ورزی پر فیصلہ کن ردعمل کےلئے تیار ہیں، ملکی خودمختاری ،دفاع پر کوئی سمجھوتہ نہیں ہوگا۔

مزید برآں ایرانی وزارت خارجہ کے عہدیدار حسن نوریان نے کہاامریکی حملوں میں ایران کے پاس موجود 400کلوافزودہ یورینیم کو نقصان نہیں پہنچایا جاسکا،امریکہ،اسرائیل پر ایران کی فتح کے کئی ٹھوس ثبوت ہیں،دشمن ممالک ایرانی حکومت کا تختہ الٹنے میں ناکام رہے، ایران کا ایٹمی پروگرام بند کرنے میں بھی کامیاب نہیں ہوسکے،اسرائیلی وزیر اعظم کی بے لگام جارحیت پر جواب دہی ہونی چاہیے اور نیتن یاہو کو انصاف کے کٹہرے میں لایا جائے۔

دوسری جانب جنگ بندی کے بعد ایران میں شہریوں کا جشن جاری رہا، مختلف شہروں میں ہزاروں کی تعداد میں عوام سڑکوں پر نکل آئے، ایرانی پرچموں کی بہار نظر آئی،،حکومت ،ایرانی افواج کے حق میں نعرے بازی کی گئی۔