لاہور (سٹاف رپورٹر) اے آئی سمیت دنیا بھر میں ہونیوالی سائنسی ایجادات نے پاکستان میں موجود پولیس نظام پر بھی گہرے اثرات مرتب کئے ہیں۔ اگلے چند سالوں میں نظام پولیس موجودہ طرز انداز پر نہیں چل سکے گا۔ حالات کا تقاضا ہے کہ آنے والی غیر معمولی سائنسی ایجادات کی بدولت رونما ہونے والی تبدیلیوں کے مطابق پیش بندی کر لی جائے ۔ ان خیالات کا اظہار ڈی پی او سیالکوٹ فیصل شہزاد نے کیا۔ فیصل شہزاد نے نیشنل ویژن تھنک ٹینک کی خصوصی نشست میں بطور مہمان خصوصی تھے۔خصوصی نشست میں احسن ضیائ، بلال محمود بٹ، اشرف سہیل، شوکت مروت، ندیم چوہدری، دلاور چوہدری ، منصور ملک، عامر ملک ، عثمان فیروز، غالب باجوہ ، افضال عباسی ، انس ضیائ، اسحاق گجر ، جمشید خان اور دیگر نے شرکت کی۔ ڈی پی او سیالکوٹ کا کہنا تھا کہ اے آئی سمیت سائنسی ایجادات نے ہر شعبہ ہائے زندگی میں حیرت انگیز تبدیلیاں رونما کی ہیں جن کا تصور چند دہائیوں پہلے نہیں کیا جا سکتا تھا۔ پولیس کا خوف یقیناً ہونا چاہئے تاہم یہ خوف شہریوں کی بجائے مجرموں پر ہونا چاہئے۔تھانہ کلچر کی تبدیلی معاشرتی و سیاسی رویوں کی تبدیلی کے بغیر ممکن نہیں۔ پولیس کے خلاف شکایات ضرور ہیں لیکن سب سچ نہیں، پولیس آپریشن کے دوران ڈرونز ، کیمروں اور اے آئی سمیت جدید تکنیکی مہارت سے بہت بہتری لا کر کامیابی کے تناسب کو کئی گنا بڑھایا جا سکتا ہے۔
اے آئی سائنسی ایجادات کے پولیس نظام پر گہرے اثرات مرتب ہوئے :فیصل شہزاد

















