بگ بیش لیگ، کونسا پاکستانی کھلاڑی کِس فرنچائز کا حصہ بنا؟

میلبورن (مشرق نیوز) بگ بیش لیگ (بی بی ایل) میں انٹرنیشنل کھلاڑیوں کی ڈرافٹنگ کا عمل مکمل ہوگیا۔ میڈیا رپورٹس کے مطابق بگ بیش لیگ کی فرنچائز برسبین ہیٹ نے قومی فاسٹ بولر شاہین شاہ آفریدی، میلبورن رینیگیڈز نے محمد رضوان اور میلبورن سٹارز نے حارث روف کو پلاٹینم کیٹیگری میں منتخب کیا ہے۔

اسی طرح سڈنی تھنڈرز نے لیگ سپنر شاداب خان کو گولڈ کٹیگری میں اسکواڈ کا حصہ بنایا ہے جبکہ پلئیرز ڈرافٹ سے قبل سڈنی سکسرز کی فرنچائز سے معاہدہ کرنیوالے بابراعظم بھی گولڈ کیٹیگری میں فرنچائز کا حصہ بنے ہیں۔میلبورن رینیگیڈز نے نوجوان کرکٹر حسن نواز اور ایڈیلیڈ سٹرائیکرز نے فاسٹ بولر حسن علی کو سلور کیٹیگری میں منتخب کیا ہے۔

بی بی ایل لیگ میں مجموعی طور پر 8 فرنچائزز نے 7 پاکستانی کھلاڑیوں کو سائن کیا ہے۔جارح مزاج اوپنر صائم ایوب، صاحبزادہ فرحان سمیت کئی 74 پاکستانی کھلاڑیوں نے رجسٹریشن کروائی تھی تاہم محض 7 کھلاڑی فرنچائزز کا بھروسہ حاصل کرسکے۔