لاہور (سٹاف رپورٹر ) لاہور ہوٹلز اینڈ ٹوررزم ہوٹلز ایسوسی ایشن ریلوے سٹیشن زون کا اہم اجلاس گزشتہ روز المنور ہوٹل میں منعقد ہوا جس میں سٹیشن ہوٹل مالکان، منیجرز، ایسوسی ایشن کے نمائندگان نے شرکت کی۔ اجلاس کی صدارت ایسوسی ایشن کے صدر چوہدری خالد معراج نے کی جبکہ سینئر وائس چیئرمین ، سینئر نائب ، نائب صدور ،سیکرٹری جنرل، فنانس سیکرٹری اور دیگر عہدیداران بھی موجود تھے۔ اجلاس کا آغاز تلاوت کلام پاک اور نعت رسول مقبول سے ہو، جس کے بعد ایسوسی ایشن کے صدر چوہدری خالد معراج نے اجلاس کا باضابطہ آغاز کرتے ہوئے شرکاءکو خوش آمدید کہا اور اجلاس کا ایجنڈا پیش کیا۔ انہوں نے کہا کہ ہوٹل انڈسٹری نہ صرف روزگار کا ایک بڑا ذریعہ ہے بلکہ سیاحت، ثقافت اور معیشت کی ترقی میں بھی اہم کردار ادا کرتی ہے مگر بدقسمتی سے موجودہ حالات میں یہ صنعت متعدد چیلنجز کا شکار ہے۔ اجلاس میں ہوٹل انڈسٹری کو درپیش مختلف مسائل پر تفصیلی گفتگو ہوئی جن میں بجلی اور گیس کے نرخوں میں ہوشربا اضافہ، ٹیکسوں کی بھرمار، میونسپل اداروں کی مبینہ زیادتیاں، سیاحتی مقامات پر سہولیات اور صفائی ستھرائی کے ناقص انتظامات شامل تھے۔ شرکاءنے شکایت کی کہ حکومتی ادارے ہوٹل مالکان کے ساتھ تعاون کرنے کے بجائے غیرضروری جرمانے لگا کر صنعت کو نقصان پہنچا رہے ہیں۔ اجلاس میں یہ بھی مطالبہ کیا گیا کہ ہوٹل انڈسٹری کیلئے الگ سے سہولتی پیکیج متعارف کرایا جائے اور ٹورازم ڈیپارٹمنٹ کے ساتھ مشاورت کو فروغ دیا جائے تاکہ پالیسی سازی میں انڈسٹری کی حقیقی نمائندگی ممکن ہو سکے۔ اجلاس میں اس بات پر بھی زور دیا گیا کہ ہوٹلز کیلئے ایس او پیز وضع کئے جائیں تاکہ صحت اور صفائی کے معیار کو بہتر بنایا جا سکے اور گاہکوں کو محفوظ ماحول فراہم کیا جا سکے۔ چیئرمین ہوٹلز ایسوسی ایشن میاں وہاج الدین نے کہا کہ وہ جلد ہی ایک اعلیٰ سطحی وفد کے ہمراہ متعلقہ حکام سے ملاقات کریں گے تاکہ ہمارے سٹیشن زون کے مسائل کے حل کیلئے باقاعدہ حکمت عملی مرتب کی جا سکے۔ اجلاس کے اختتام پر شرکاءنے متفقہ طور پر ایک قرارداد منظور کی جس میں حکومت سے مطالبہ کیا گیا کہ وہ ہوٹل انڈسٹری کو سہارا دے، ٹیکس پالیسی میں نرمی لائے اور سرکاری اداروں کے غیر ضروری دباو¿ کو روکا جائے۔ اجلاس کا اختتام دعائے خیر پر ہوا اور تمام شرکاءنے اس امید کا اظہار کیا کہ ان کی آواز اعلیٰ ایوانوں تک ضرور پہنچے گی اور ہوٹل انڈسٹری کو درپیش مسائل جلد حل ہوں گے۔
لاہور ہوٹلز اینڈ ٹورازم ایسوسی ایشن ریلوے سٹیشن زون اجلاس: انڈسٹری کیلئے الگ سے سہولتی پیکیج متعارف کرایا جائے : مقررین



















