لاہور( نعیم جاوید) کاروباری برادری نے پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافہ مسترد کرتے ہوئے مطالبہ کیا ہے کہ قیمتوں میں اضافہ واپس لیا جائے۔ روزنامہ ”مشرق“ لاہور سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ پےاف رہنما فہیم الرحمان سہگل، محمود غزنوی، راجہ وسےم، مےاں سہےل انجم، سینئر تاجر رہنما لاہور چیمبر آف کامرس کے سابق صدر کاشف انور، ناصر حمید خان، میاں خلیل عبیر، میاں سلیم، عمر قریشی، وقار احمد میاں، راجہ جاوید، فاران سعید بٹ، ممتاز حسین بخاری، ملک کلیم اور امجد چوہدری نے کہا کہ عالمی منڈی میں پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافے کے بعد قیمتیں کم ہونا شروع ہو گئی ہیں پٹرولیم لیوی میں اضافہ عام آدمی اور تجارتی سرگرمیوں کو متاثر کرے گا حکومت کو چاہیے کہ وہ اپنے اخراجات میں کمی کرے بجٹ میں ٹیکسوں کی بھر مار کے فوری بعد پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافہ ناانصافی کے مترادف ہے۔ پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں حالیہ اضافہ فوری طور پر واپس لے اور ڈالر کی قیمت پر قابو پانے کیلئے ہنگامی اقدامات اٹھائے ورنہ بزنس کمیونٹی کی حالت اور خراب ہوجائے گی۔ پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں ہوشربا اضافوں کی وجہ سے بزنس کمیونٹی اور عام آدمی کیلئے جو تباہی آرہی ہے وہ سوچ سے بھی باہر ہے ایک طرف ڈالر آسمان سے بات کررہا ہے تو دوسری طرف حکومت نے پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافے کے تمام ریکارڈز توڑ دئیے ہیں۔ ان سے بزنس کمیونٹی اور عام آدمی کیلئے تباہی کی بہت بڑی لہر آئے گی جو سب تباہ کردے گی۔ انہوں نے کہا کہ بیوروکریسی اور وفاقی و صوبائی وزرا کیلئے مفت پٹرول کی فراہمی فورا بند کردی جائے تاکہ انہیں بزنس کمیونٹی اور عوام کی مشکلات کا اچھی طرح سے احساس ہوسکے ڈیزل کی قیمتوں میں ریکار ڈ اضافوں سے ایگریکلچر سیکٹر تباہ ہورہا ہے کیونکہ مشینری اور ٹیوب ویل ڈیزل سے چلتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ حکومت نے پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں بھاری اضافے کرتے ہوئے یہ نہیں سوچا ہے کہ نتیجہ کیا نکلے گا۔ انہوں نے کہا کہ ان تمام سیکٹرز کی ان پٹ کاسٹ میں اور اضافہ ہوجائے گا جس کی وجہ سے انکم اور خرچ کے درمیان بیلنس بگڑ جائے گااور انڈسٹری کو مزید تباہی کا سامنا کرنا پڑے گا۔ انہوں نے کہا کہ حکومت فوری طور پر ڈالر کی قیمت نیچے لائے۔ اسکے علاوہ بیوروکریسی اور وفاقی و صوبائی وزرا کیلئے مفت پٹرول کی فراہمی فورا بند کردی جائے تاکہ انہیں بزنس کمیونٹی اور عوام کی مشکلات کا اچھی طرح سے احساس ہوسکے۔
بجٹ میں بھاری بھرکم ٹیکسوں کے بعد پٹرول مہنگا کرنا زیادتی ہے: تاجر برادری



















