شہری ماحول کو صاف ستھرا رکھنے میں حکومت کا ساتھ دیں: کمشنر ساہیوال

ساہیوال (بےورو رپورٹ) ماحولیات کے عالمی دن کی مناسبت سے ساہیوال آرٹس کونسل میں ایک سیمینار کا انعقاد کیا گیا۔ سیمینار میں کمشنر ساہیوال ڈویژن شعیب اقبال سید، ڈپٹی کمشنر شاہد محمود، ممبر پنجاب اسمبلی ارشد ملک، ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر جنرل نیاز احمد مغل، سابق ایم این اے چوہدری اشرف،ڈائریکٹر ساہیوال آرٹس کونسل ڈاکٹر سید ریاض اور کالجز و یونیورسٹیوں کے طلبہ و طالبات اور سول سوسائٹی کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کمشنر شعیب اقبال سید نے کہا کہ آج کے دن کو منانے کا مقصد پلاسٹک کی آلودگی کے خلاف آواز بلند کرنا ہے۔ انہوں نے کہا کہ حکومت ماحولیاتی آلودگی پر قابو پانے کیلئے اربوں روپے خرچ کررہی ہے ضرورت اس امر کی ہے کہ ہم خود اپنے حصہ کا کام کریں اور ماحول کو صاف ستھرا رکھنے میں حکومت کا ساتھ دیں۔ انہوں نے کہا کہ ملک کو مسائل سے نکالنے کیلئے ہر شخص اپنی ذمہ داری احسن طریقے سے سرانجام دے، تب ملک ترقی بھی کرے گا، ماحول بھی صاف ستھرا ہوگا اور امن بھی قائم ہوگا۔ انہوں نے کہا کہ عید قربان پر ہم سب کو ذمہ دار شہری ہونے کا ثبوت دینا ہے اور قربانی کے جانوروں کی باقیات کو پھینکنے کی بجائے شاپر میں ڈال کر مختص پوائنٹس تک پہنچانا ہے۔ ممبر پنجاب اسمبلی ملک ارشد نے کہا کہ وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز کے ویژن ستھرا پنجاب کے تحت پلاسٹک بیگز بنانے اور بیچنے والوں کے خلاف کاروائیاں جاری ہیں۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان کو ترقی یافتہ ممالک کی صف میں شامل کرنے کیلئے ہمیں ایک قوم بننے کی ضرورت ہے۔ انہوں نے کہا کہ ملک کی ترقی کے لئے ہر وہ کام کریں جس سے ملک، معاشرے کی ترقی ہو اور آنے والی نسلیں ایسی زندگی گزار سکیں جیسے ترقی یافتہ ممالک میں لوگ گزارتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ آج کے دن نئی نسل کو صحت مندانہ ماحول کی فراہمی کے لئے پلاسٹک کا استعمال نہ کرنے، درخت لگانے اور پنجاب کو صاف ستھرا رکھنے کا عہد کرنا ہے۔ اس موقع پر دیگر مقررین نے بھی خطاب کیا اور شرکاءکو پلاسٹک کے صحت پر مضر اثرات بارے تفصیلی آگاہ کیا۔ تقریب کے اختتام پر شرکاءمیں کپڑے کے بیگز تقسیم کئے گئے، پلاسٹک کے انسانی زندگیوں پر مضر اثرات بارے آگاہی کے لئے واک کی گئی اور آرٹس کونسل کے لان میں پودے لگائے گئے۔ دوسری طرف کمشنر ساہیوال ڈویژن شعیب اقبال سید نے متعلقہ محکموں کے افسران کو ہدایت کی ہے کہ وہ عید کی چھٹیوں کے دوران فیلڈ میں موجود رہیں اور صفائی کی صورتحال کی مسلسل مانیٹرنگ کریں۔ بارش کی صورت میں میونسپل کارپوریشن کا عملہ ہائی الرٹ رہے اور مشینری کو فنکشنل رکھا جائے تاکہ بارش کے پانی کی فوری نکاسی یقینی بنائی جاسکے۔ وہ یہاں اپنے دفتر میں پسپ پروگرام اور میونسپل کارپوریشن کی کارکردگی کے جائزہ اجلاس کی صدارت کررہے تھے جس میں ایڈیشنل کمشنر کوارڈینیشن ڈاکٹر سیف اللہ بھٹی، ڈائریکٹر ڈویلپمنٹ شفیق احمد ڈوگر، ڈائریکٹر لوکل گورنمنٹ شاہد فاروق وڑائچ، چیف آفیسر کارپوریشن شیخ اشفاق احمد سمیت متعلقہ افسران نے شرکت کی۔ کمشنر شعیب اقبال سید نے کہا کہ تمام ڈسپوزل سٹیشنز کو بھی فنکشنل رکھا جائے اور لوڈ شیڈنگ کی صورت میں جنریٹر ز کو چلایا جائے۔ انہوں نے کہا کہ عید تعطیلات کے دوران ہسپتال میں ڈیوٹی ڈاکٹرز، ریسکیو 1122، سول ڈیفنس، میونسپل کارپوریشن اور لائیوسٹاک کا عملہ بھی ڈیوٹی پر موجود رہے۔