حکومت جدیدمالیاتی نظام کی تشکیل کےلئے پرعزم ہے:وزیر خزانہ اورنگزیب

اسلام آباد (بیورو رپورٹ) پاکستان کرپٹو کونسل نے ملک میں ڈیجیٹل فنانس اور کرپٹو ایکو سسٹم کی نگرانی اور ریگولیشن و مجوزہ قوانین کا جائزہ لینے کیلئے تکنیکی کمیٹی قائم کرنے کا فیصلہ کر لیا،فیصلہ وزارت خزانہ میں وزیر خزانہ سینیٹر اورنگزیب کی زیر صدارت پاکستان کرپٹو کونسل کے اجلاس میں کیا گیا، اجلاس میں وزیر اعظم کے معاونخصوصی برائے بلاک چین و کرپٹو اور پاکستان کرپٹو کونسل کے چیف ایگزیکٹو آفیسر بلال بن ثاقب نے آن لائن شرکت کی،سٹیٹ بینک کے گورنر نے بھی اجلاس میں آن لائن شرکت کی جبکہ سیکورٹیز اینڈ ایکسچینج کمیشن آف پاکستان (ایس ای سی پی) کے چیئرمین، قانون و انصاف ڈویژن کے سیکرٹری اور وزارت انفارمیشن ٹیکنالوجی و ٹیلی کمیونی کیشن کے سیکرٹری نے اجلاس میں ذاتی حیثیت میں شرکت کی،اجلاس میں پاکستان میں ڈیجیٹل اور ورچوئل اثاثوں کےلئے مجوزہ ریگولیٹری فریم ورک پر تبادلہ خیال کیا گیا جس کا مقصد بین الاقوامی معیارات اور جدید ٹیکنالوجی کے رجحانات سے ہم آہنگ ہونا ہے،شرکاءنے ملک میں ڈیجیٹل فنانس اور کرپٹو ایکو سسٹم کی نگرانی اور ریگولیشن کےلئے خودمختار ریگولیٹری اتھارٹی کے قیام کے مختلف پہلوﺅں پر بھی غور کیا، کونسل کے ارکان نے محفوظ، شفاف اور اختراع کی حوصلہ افزائی کرنے والے ریگولیٹری ماحول کو یقینی بنانے کےلئے قیمتی تجاویز پیش کیں تاکہ بلاک چین کو ذمہ داری کےساتھ اپنایا جا سکے، سرمایہ کاروں کا تحفظ کیا جاسکے اور مالی شمولیت کو فروغ دیا جا سکے،شرکا نے تمام سٹیک ہولڈرز کی کاوشوں کو سراہا اور اس عزم کا اعادہ کیا حکومت ایک جدید اور مستقبل کے تقاضوں سے ہم آہنگ مالیاتی نظام کی تشکیل کےلئے پرعزم ہے جو جدت کی حمایت کےساتھ مالیاتی استحکام اور ضابطہ جاتی تقاضوں کو بھی یقینی بنائے،اجلاس میں فیصلہ کیا گیاسٹیٹ بینک، ایس ای سی پی، قانون ڈویژن اور آئی ٹی و ٹیلی کام ڈویژن کے نمائندوں پر مشتمل تکنیکی کمیٹی تشکیل دی جائے گی جو مجوزہ قوانین کا جائزہ لے گی اور ایک مضبوط فریم ورک اور گورننس ڈھانچے کی تجاویز پیش کرے گی، جنہیں پاکستان کرپٹو کونسل کے آئندہ اجلاس میں زیر غور لایا جائے گا۔