حسینہ واجد پر فرد جرم عائد،نئے کرنسی نوٹوں سے شیخ مجیب کی تصویر ختم

ڈھاکہ :(مشرق نیوز)انسانیت کیخلاف جرائم پر بنگلہ دیش کی سابق وزیراعظم حسینہ واجد پر فرد جرم عائد،نئے کرنسی نوٹوں سے شیخ مجیب کی تصویر ہٹادی گئی۔

سابق بنگلہ دیشی وزیراعظم و دیگر کیخلاف انٹرنیشنل کرائمز ٹریبونل میں سماعت کو براہ راست نشر کیا گیا،فرد جرم پڑھ کر سنائی گئی، چیف پراسیکیوٹر نے سابق وزیر داخلہ اور آئی جی پولیس کو بھی شریک مجرم قرار دےدیا۔

چیف پراسیکیوٹر تاج الاسلام نے کہا تفتیشی رپورٹ کے مطابق شیخ حسینہ نے براہ راست سکیورٹی فورسز، اپنی سیاسی جماعت اور منسلک گروپوں کو ہدایات جاری کیں ،نتیجے میں درجنوں مظاہروں پر خونی کارروائیاں کی گئیں،ویڈیو شواہد اور ریاستی اداروں کے درمیان ہونے والی انکرپٹڈ مواصلات کا حوالہ دیتے ہوئے کہا ثابت ہوتا قتل و غارت کسی وقتی ردعمل کا نتیجہ نہیں بلکہ پیشگی منصوبہ بندی کا حصہ تھی۔

دوسری جانب بنگلہ دیش نے نئی سیریز کے بینک نوٹ جاری کردئیے ،ملک کے بانی اور سابق صدر شیخ مجیب الرحمن کی تصویر ختم کردی گئی ،مرکزی بینک کے ترجمان عارف خان نے کہااب نوٹوں پر کسی انسانی شخصیت کی تصویر شامل نہیں کی جائے گی ۔

مزید برآں جماعت اسلامی کی ملکی سیاست میں واپسی ہوگئی،بنگلہ دیش کی سپریم کورٹ نے رجسٹریشن بحال کر دی،جماعت اسلامی الیکشن کمیشن میں باضابطہ طور پر سیاسی جماعت کے طور پر درج ہو سکے گی،جماعت اسلامی کے وکیل نے کہا سپریم کورٹ کے فیصلے سے ملک میں جمہوری، جامع ،کثیر الجماعتی نظام کو فروغ ملے گا۔