9 مئی واقعات میں 10 کروڑ سے زائد کا نقصان


لاہور: (اپنے نمائندے سے) لاہور میں9 مئی واقعات میں 10 کروڑ سے زائد کا نقصان،تفصیلات سامنے آگئیں۔

دستاویزات کے مطابق 9 مئی واقعات میں کیمروں، سرکاری گاڑیوں اور ٹریفک سگنلز کی مد میں مجموعی طور پر 10 کروڑ 68 لاکھ 7 ہزار 900 روپے کا نقصان کیا گیا، واقعات میں پولیس اور رینجرز کی 21 گاڑیاں تباہ ہوئیں،شہر کے 9 تھانوں کی حدود میں 9 مئی کو درجنوں سرکاری گاڑیاں توڑی گئیں، واقعات میں سرکاری گاڑیوں کو 8 کروڑ 22 لاکھ 7 ہزار 500 روپے کی مالیت کا نقصان پہنچایا گیا، جناح ہاوس کے قریب رینجرز کے سنگل کیبن ڈالے سمیت 12 گاڑیوں میں توڑپھوڑ کی گئی، ٹریفک سگنلز اور آلات کو 53 لاکھ 5 ہزار کا نقصان پہنچایا گیا۔

پر تشدد مظاہروں میں سیف سٹی کے کیمروں کو ایک کروڑ 41 لاکھ 37 ہزار 500 روپے کا نقصان ہوا، گرجا چوک کینٹ میں 25 لاکھ 62 ہزار 300 مالیت کے کیمروں کو نقصان پہنچایا گیا،دستاویزات میں مزید بتایا گیا 9 مئی واقعات میں شیر پاو پل کے قریب 5 لاکھ 18 ہزار مالیت کے کیمروں کو نقصان پہنچایا گیا، قرطبہ چوک، جیل روڈ، شالیمار چوک پر بھی 5 لاکھ 18 روپے کی سرکاری املاک کو نقصان پہنچا۔