حکومت خطے کی صورتحال کے پیش نظر گروتھ بجٹ لائے،بزنس فورم
اسلام آباد:(بیورورپورٹ)پاکستان بزنس فورم نے کہاہے حکومت خطے کی صورتحال کے پیش نظر گروتھ بجٹ لائے،محض ریونیو اہداف کی بجائے معاشی استحکام کو ترجیح دی جائے۔
صدر پاکستان بزنس فورم خواجہ محبوب الرحمن نے خبردار کیا اگر آئندہ بجٹ میں مزید ٹیکسز عائد کیے گئے تو ملک کو معاشی سست روی کا سامنا کرنا پڑ سکتا ہے،یکم جولائی سے پٹرولیم لیوی 100 روپے لٹر تک بڑھانے اور بجلی پر مزید ٹیکسز لگانے کافیصلہ کاروباری سرگرمیوں کو مزید محدود کر دے گا،ٹیکس اہداف میں 2ہزار ارب اضافے پر غور موجودہ معاشی حالات میں کاروباری طبقے پر بوجھ ڈالنے کے مترادف ہے۔
فورم نے زور دیا 10 جون کو پیش کیا جانے والا بجٹ کاروباری ماحول کو سہارا اور مہنگائی سے نجات دلانے والا ہونا چاہیے،موجودہ حالات غیر معمولی نوعیت کے ہیں، قوم اور افواج مزید مہنگائی کے متحمل نہیں ہو سکتے۔



















