لاہور (علی جنید) متروکہ وقف املاک بورڈ میں تعینات بعض افسران نے قواعد و ضوابط کے برعکس کچھ پرائیویٹ افراد کے ایماءپر وقف اراضی کی جعلی دستاویزات کی تیاری اور قبضہ کرانے کا عمل شروع کررکھا ہے جس کے بارے میں روزنامہ ”مشرق“ نے تحقیقات پر مبنی رپورٹ مرتب کی ہے جس کے مطابق حساس ادارہ کے اعلیٰ افسر کی اراضی پر متروکہ وقف املاک کے ڈپٹی ایڈمنسٹریٹر عاصم اعجاز، کلرک گلشاد سمیت 3 پرائیویٹ افراد نے بیدیاں روڈ پر خسرہ نمبر 193، رقبہ 10 کنال 2 مرلہ پر قبضہ کی کوشش کی جس پر لاہور پولیس کے اعلیٰ حکام کی طرف سے مقدمہ نمبر 100/ 2025 تھانہ ڈیفنس سی درج کرلیا گیا ہے۔ بعدازاں ایس پی انویسٹی گیشن کینٹ نے اپنی محکمانہ تحقیقات کے بعد ضمنی میں متروکہ وقف املاک کے ڈپٹی ایڈمنسٹریٹر عاصم اعجاز کو اس وقوعہ میں ملوث لکھا ہے جبکہ متروکہ وقف املاک بورڈ کے ایک ڈپٹی ایڈمنسٹریٹر منیر احمد نے بھی اپنی ایک رپورٹ تیار کرتے ہوئے لکھا ہے کہ اس خسرہ نمبر کی فائل جعلی دستاویزات پر مبنی ہے اور مذکورہ رپورٹ سیکرٹری بورڈ کو کئی ماہ پہلے ارسال ہوچکی ہے مگر وہ رپورٹ فائلوں میں دبا دی گئی ہے۔ اس سلسلے میں وفاقی ایڈیشنل سیکرٹری ایڈمن/ قائم مقام چیئرمین متروکہ وقف املاک ڈاکٹر ساجد چوہان سے رابطہ کرنے کی کوشش کی گئی مگر بات نہ ہوسکی۔ دوسری جانب ملزمان سرکاری ملازم عاصم اعجاز اور گلشاد نے اپنی عبوری ضمانتیں کروا رکھی ہیں جبکہ عاصم اعجاز کو ڈپٹی ایڈمنسٹریٹر لاہور ٹو سے لاہور ون میں ٹرانسفر کیا گیا ہے اور محکمانہ طور پر معطل بھی نہیں کیا گیا۔
متروکہ وقف املاک بورڈ، پرائیویٹ افراد کا جعلی دستاویز سے سرکاری زمین پر قبضہ



















