لاہور: (سٹاف رپورٹر) لاہور ہوٹلز اینڈ ٹورازم ایسوسی ایشن نے معرکہ حق میں کامیابی پر پاک فوج سے اظہار یکجہتی،خراج تحسین پیش کرنے کیلئے ریلی نکالی ، ریلی لاہور کے تاریخی مال روڈ سے شروع ہوکر لاہور پریس کلب پر اختتام پذیر ہوئی۔
مقررین نے قومی یکجہتی، امن و استحکام اور ملکی دفاع میں پاک فوج کے کردار کو سراہا،ریلی میں ہوٹل مالکان، سیاحت سے وابستہ افراد، تاجر برادری کے نمائندگان، طلبہ، سول سوسائٹی کے افراد اور مختلف شعبہ ہائے زندگی سے تعلق رکھنے والے شہریوں نے بڑی تعداد میں شرکت کی۔
ریلی شرکا نے ہاتھوں میں قومی پرچم، پاک فوج کے حق میں بینرز اور پلے کارڈز اٹھا رکھے تھے جن پر ”پاک فوج زندہ باد“، ”ہمیں تم پر ناز ہے“، اور”دشمن کے ناپاک عزائم خاک میں ملادیں گے“جیسے نعرے درج تھے،ریلی کا آغاز ایچی سن کالج کے قریب سے ہوا جہاں سے شرکاءنظم و ضبط کےساتھ نعرے لگاتے ہوئے پریس کلب کی جانب بڑھے، راستے میں شہریوں کی بڑی تعداد نے ریلی میں شامل ہوکر اپنے جذبات کا اظہار کیا، ریلی کے دوران پولیس کی جانب سے سکیورٹی کے خصوصی انتظامات کیے گئے تھے اور ٹریفک کی روانی کو برقرار رکھنے کےلئے متبادل راستوں کا انتظام بھی کیا گیا۔
ایسوسی ایشن کے صدر گلریز خٹک نے تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہاہم ریلی کے ذریعے یہ پیغام دینا چاہتے ہیں پوری قوم افواج پاکستان کے شانہ بشانہ کھڑی ہے، سازشی عناصر کوجان لینا چاہیے قوم اور فوج ایک پیج پر ہیں، پاک فوج کے سپاہیوں کی قربانیوں کو کبھی فراموش نہیں کرسکتے۔
سینئر وائس چیئر مین ، سیکرٹر ی فنانس ،نائب صدور، ریلوے سٹیشن زون سے چیئر مین میاں ساجد، صدر خالد معراج ، سینئر نائب صدر ممتاز حسین بخاری، سیکرٹری جنرل حفیظ الرحمن، فنانس سیکرٹری اسد خالد، نائب صدور میں مقصود گجر ، اقبال معراج ، شیخ فیصل و دیگر بھی شامل تھے ۔
ہوٹل ایسوسی ایشن کے مرکزی چیئر مین آصف خان نے کہا پاکستان کی سالمیت اور بقا افواج پاکستان کی مرہون منت ہے، موجودہ حالات میں قوم کا اتحاد وقت کی سب سے بڑی ضرورت ہے، بیرونی اور اندرونی دشمنوں کی سازشوں کو صرف اس وقت ناکام بنایا جا سکتا ہے جب ہم متحد ہوں اور اپنی افواج پر اعتماد رکھیں،مقررین نے اس بات پر زور دیا معرکہ حق صرف میدان جنگ تک محدود نہیں ،ہر پاکستانی کا فرض ہے کہ وہ اپنے اپنے شعبے میں دیانتداری سے کام کرے، سچائی کا علم بلند رکھے اور قومی اداروں کا دفاع کرے۔
ایسوسی ایشن کے ترجمان نے اعلان کیا آئندہ بھی ملکی سلامتی کےلئے پروگرام منعقد کیے جاتے رہیں گے تاکہ قوم کا مورال بلند اور دشمن کے عزائم خاک میں ملائے جا سکیں،ریلی کے شرکاءنے دعا کی اللہ تعالیٰ پاکستان کو دشمنوں کی چالوں سے محفوظ رکھے اور افواجِ پاکستان کو مزید استحکام، ہمت اور کامیابی عطا فرمائے، تقریب کا اختتام قومی ترانے اور پاک فوج کے حق میں نعرے بازی پر ہوا۔
لاہور ہوٹلز اینڈ ٹورازم ایسوسی ایشن کی پاک فوج سے اظہار یکجہتی ریلی



















