ٹرمپ کا پرتپاک استقبال،امریکہ،سعودیہ میں142 ارب ڈالر کے دفاعی معاہدے
ریاض،واشنگٹن :(نمائندہ خصوصی،بیورورپورٹ)ٹرمپ کاریاض پہنچنے پرپرتپاک استقبال،امریکہ،سعودی عرب میں142 ارب ڈالر کے دفاعی معاہدے ،مفاہمتی یادداشتوں پر دستخط کردئیے گئے۔
صدر ڈونلڈ ٹرمپ امریکی ایئر فورس ون کے طیارے میں ریاض کے کنگ خالد ایئرپورٹ پہنچے ، وزیر خارجہ، وزیر دفاع اور اعلیٰ فوجی حکام بھی ساتھ ہیں،سعودی ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان نے پرتپاک استقبال کیا،بعدازاںٹرمپ ،ولی عہد محمد بن سلمان نے معاہدوں پر دستخط کئے۔
ترجمان وائٹ ہاوس نے کہا امریکی صدر ٹرمپ کے دورہ سعودی عرب کے موقع پر دونوں ملکوں کے درمیان 142 ارب ڈالر کے دفاعی معاہدوں پر دستخط ہوگئے،دفاعی معاہدہ 600ارب ڈالر کی سعودی سرمایہ کاری کے وعدے کا حصہ ہے، جی ای گیس ٹربائنز کی برآمدات ،توانائی شعبے میں 14 ارب 20 کروڑ ڈالر کا معاہدہ،4 ارب 80 کروڑ ڈالر کے 737 بوئنگ طیارے بھی شامل ہیں، امریکی کمپنیاں سعودی عرب کو آلات کی تربیت ،خدمات بھی فراہم کریں گی۔
ادھر خبر ایجنسی نے کہاسعودی عرب نے ایف 35 جنگی طیاروں کی ممکنہ خریداری پر بھی تبادلہ خیال کیا تاہم معلوم نہیں ہوسکا ایف 35 کی خریداری بھی معاہدے میں شامل ہے یا نہیں۔
دوسری جانب عرب میڈیا نے کہادونوں ممالک کے درمیان توانائی، معدنیات، خلائی تعاون اور صحت سمیت تزویراتی اقتصادی شراکت داری کے معاہدوں ، مفاہمتی یادداشتوں پر بھی دستخط کیے گئے،قبل ازیںسعودی فضائی حدود میں داخل ہونے پر لڑاکا طیاروں نے ٹرمپ کے ائیرفورس ون کو حصار میں لے کر ائیرپورٹ تک پہنچایا،ولی عہد نے پرتپاک استقبال کیا ،صدر ٹرمپ قطر اور متحدہ عرب امارات بھی جائیں گے۔

















