یوٹیلیٹی سٹورز کارپوریشن، تنظیم نو کے نام پر ایک ہی دن میں 3 ہزار سے زائد ملازمین فارغ

لاہور(رپورٹ: نعےم جاوےد)یوٹیلیٹی سٹورز کارپوریشن میں بڑے پیمانے پر تنظیم نوکے نام پر ایک ہی دن میں 3 ہزار کے قریب ملازمین کو فارغ کر دیا گیا۔فارغ ہونے والے ملازمین کے احکامات چھٹی والے دن جاری کئے گئے، پہلے مرحلے میں تمام ڈیلی ویجز ملازمین کو فارغ کیا گیا ہے۔جس کے نتیجے میں ملک بھر کے یوٹیلیٹی سٹور ملازمین نے ہڑتال کر دی ہے تمام سٹوروں کی تالہ بندی کر دی گئی ہے۔ روزنامہ ”مشرق“ لاہور سے گفتگو کرتے ہوئے یوٹیلیٹی سٹوروں ملازمین یونین کے چیف آرگنائزر الیاس منہاس اور چیئرمین ملک سلیم نے کہا کہ یوٹیلیٹی سٹورز کارپوریشن کو جان بوجھ کر خسارے میں شو کر کے 7 ارب میں فروخت کرنا چاہتے ہیں جبکہ اس کے 120 ارب روپے کے اثاثے ہیں صرف اسلام آباد سیکٹر جی 7 اور ایف 7 میں 7 ارب روپے کے اثاثے موجود ہیں گزشتہ رمضان میں 40 ارب روپے کی سیل ہوئی تھی مگر حکمران اسے اپنے من پسند افراد کے ہاتھوں اونے پونے فروخت کرنا چاہتے ہیں ہم اپنے ساتھیوں کی بحالی تک ہڑتال جاری رکھیں گے رپورٹ کے مطابق بیشتر ملازمین گزشتہ 10 سال سے کارپوریشن میں کام کر رہے تھے، دوسرے مرحلے میں کنٹریکٹ پر تعینات ہزاروں ملازمین بھی فارغ کرنے کا امکان ہے۔واضح رہے کہ 22 جنوری کو وفاقی کابینہ نے یوٹیلیٹی اسٹورز کارپوریشن کے آپریشنز بند کرنے کے حوالے سے کمیٹی تشکیل دیدی تھی۔حکومتی ذرائع نے بتایا تھا کہ وفاقی وزیر صنعت و پیداوار 7 رکنی کمیٹی کےسربراہ ہوں گے، وزیر مملکت خزانہ و ریونیو، وزیر مملکت آئی ٹی، وفاقی سیکرٹری خزانہ، سیکریٹری صنعت و پیداوار، سیکریٹری نجکاری اور سیکرٹری بینظیر انکم سپورٹ پروگرام (بی آئی ایس پی) کو کمیٹی ارکان میں شامل کیا گیا۔اگست 2024 میں وفاقی حکومت نے یوٹیلیٹی سٹورز کارپوریشن ختم کرنے کا فیصلہ کیا تھا، وزیر اعظم شہباز شریف نے یوٹیلٹی اسٹورز کارپوریشن ختم کرنے کے حوالے سے تجاویز بھی طلب کی تھیں اور وفاقی حکومت نے یوٹیلیٹی سٹورز کیلئے 50 ارب کی سبسڈی بھی بند کردی تھی۔اس سے قبل وزیراعظم کی زیر صدارت اجلاس میں کمیٹی کی سفارشات پر انتظامی اخراجات کو کم کرنے اور ریاستی مشینری کو ہموار کرنے کی غرض سے وفاقی حکومت نے 5 وزارتوں کے 28 محکموں کو ختم کرنے کا فیصلہ کیا گیا تھا ۔