بھارتی حملے کاجواب ایٹمی ہتھیاروں سے دینگے،روس میں پاکستانی سفیر

ماسکو،اسلام آباد:(بیورورپورٹ،مشرق نیوز)روس میں تعینات پاکستانی سفیر خالد جمالی نے بھارتی مہم جوئی کا جواب ایٹمی ہتھیاروں سمیت پوری قوت سے دینے کا اعلان کردیا۔

صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے خالد جمالی نے واضح کیا انٹیلی جنس شواہد موجود ہیں بھارت پاکستان پر حملہ کرنے کی منصوبہ بندی کر رہا ہے، بھارت نے کوئی کوشش کی تو ایٹمی ہتھیاروں سمیت پوری قوت سے جواب دینگے،مخصوص علاقوں کونشانہ بنانے کا فیصلہ کیا جا چکا، محسوس ہورہا ہے حملہ قریب اورخطرہ حقیقی نوعیت کا ہے۔

خالد جمالی نے کہا اگر بھارت نے دریاوں کے پانی کا رخ موڑنے یا روکنے کی کوشش کی توجنگی اقدام تصور کرینگے اور کسی بھی حرکت کا منہ توڑ جواب دیا جائے گا، اپنے دفاع میں جوہری و روایتی طاقت دونوں استعمال کرینگے، پاکستان اپنی سرحدوں کے دفاع میں کسی بھی حد تک جائے گا۔

پاکستانی سفیر نے کہا بھارت کی جانب سے لگائے گئے الزامات بالکل بے بنیاد ہیں ،حقیقت سے دور دور تک کوئی تعلق نہیں، جنگی پروپیگنڈے کو مسترد کرتے ہیں، اپنی سرحدوں کا دفاع کرنے کا پورا حق ہے، عالمی برادری پہلگام حملے کی غیر جانبدار تحقیقات کرائے ، چین ،روس سے پہلگام حملے کی تحقیقات میں شامل ہونے کی درخواست کرتے ہیں۔