معیشت کا مستقبل ایس ایم ایزکی ترقی سے وابستہ ہے : ہارون اختر

لاہور (کامرس رپورٹر) سمال اینڈ میڈیم انٹرپرائزز ڈویلپمنٹ اتھارٹی کے بورڈ آف ڈائریکٹرز کا 30 واں اجلاس وزیر اعظم کے معاون خصوصی برائے صنعت و پیداوار ہارون اختر خان کی صدارت میں منعقد ہوا جس میں سمیڈا کی اصلاح کے نفاذ کے منصوبے کی منظوری دی گئی۔ اجلاس میں بورڈ ممبران کے علاوہ وفاقی سیکرٹری صنعت و پیداوار سیف انجم اور سمیڈا کے سی ای او سقراط امان رانا بھی موجود تھے۔ہارون اختر خان نے اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے ایس ایم ای ڈویلپمنٹ پر وزیر اعظم کے وژن کا حوالہ دیا اور وزیر اعظم کے ویژن کے مطابق سمیڈا کے تیز رفتار کام پر اطمینان کا اظہار کیا۔ انہوں نے اس بات کا اعادہ کیا کہ پاکستان کی معیشت کا مستقبل ایس ایم ایزکی ترقی سے وابستہ ہے اور وزیر اعظم پاکستان ایس ایم ایزکو بین الاقوامی معیار کے برابر کرنے کیلئے پرعزم ہیں جس کیلئے انہوں نے بین الاقوامی ماہرین کی خدمات حاصل کرنے کی ہدائت کی ہے۔ یاد رہے کہ وزیراعظم نے سمیڈا کے موجودہ ڈھانچے کا مطالعہ کرنے کیلئے ایک کمیٹی تشکیل دی تھی اورادارے کی اصلاح اور اسے ملک میں ایس ایم ای سیکٹر کی ترقی کیلئے ایک فعال تنظیم بنانے کیلئے تبدیلیاں تجویز کی تھیں۔ وزیر اعظم کی ہدایات کے مطابق سمیڈا کے موجودہ ورکنگ سٹرکچر کو آٹ سورسنگ کے ذریعے تقویت دینے کا منصوبہ پیش کیا گیا جسے آج بورڈ نے منظور کر لیا۔قبل ازیں سمیڈا کی ری ویمپنگ کا منصوبہ 9 اپریل 2025ءکو وزیر اعظم کے سامنے تفصیلی غور و خوض اور بات چیت کیساتھ پیش کیا گیا تھا۔ سمیڈا کی تنظیم نو کیلئے آﺅٹ سورسنگ کے ساتھ ری سٹرکچرنگ آپشن کی اجازت وزیراعظم نے دی تھی، جسے سمیڈا کے بورڈ آف ڈائریکٹرز کے حالیہ اجلاس میں منظور کر لیا ۔