فرینکفرٹ :( منور علی شاہد) فرینکفرٹ میں پاکستانیوں کی فیملیز کیلئے عید گالہ سپیشل ایونٹ ہوا جس میں فرینکفرٹ و گردو نواح میں مقیم پاکستانیوں کی بڑی تعداد نے شرکت کی، گالا ایونٹ کا اہتمام پاکستان سپورٹ اور کلچر ایسوسی ایشن کی طرف سے کیا گیا تھا۔
جرمنی کے شہر فرینکفرٹ کے مقامی ہال سالباو گالوس میں ہونیوالے عید گالا ایونٹ میں پاکستانی مرد و خواتین ، بچوں نے شرکت کی ،عید گالا ایونٹ کی خاص بات یہ تھی خواتین کی طرف سے خوبصورت پاکستانی کپڑوں، مہندی، چوڑیاں، جیولری اورروایتی کھانوں کے مختلف سٹال کے ذریعے پاکستانی ثقافت اور روایات کو اجاگر کیا گیا، خواتین کے رنگ برنگے ملبوسات اور بچوں کے سپورٹس لوگوں کی توجہ کا مرکز بنے رہے، بچیوں اور خواتین کےلئے مہندی لگانے کا خصوصی اہتمام بھی کیا گیا ۔
پاکستان سپورٹ اینڈ کلچر ایسوسی ایشن نے لوگوں کی تفریحی کو مدنظر رکھتے ہوئے پاکستانی موسیقی کےساتھ ساتھاسپیشل ڈھول کا انتظام بھی کر رکھا تھا جسے شرکاءنے بہت سراہا اور پسند کیا، لوگ رات گئے تک ڈھول کی تھاپ پر رقص کرتے رہے۔
شرکا نے کہا عید گالا ایک منفرد، بہترین اور شاندار پروگرام تھا جسے آنے والے سالوں میں بھی جاری رہنا چاہیے، پاکستان سپورٹ اینڈ کلچر ایسوسی ایشن کے صدر زاہد لطیف اور جنرل سیکرٹری ارشد صدیقی نے خطاب کرتے ہوئے تنظیم کے نصب العین ، اغراض و مقاصد پر جامع گفتگو کرتے ہوئے کہا بچوں میں کھیلوں کی سرگرمیاں ایسوسی ایشن کی اولین ترجیحات میں شامل ہیں،احمد صدیقی اور راشد لطیف کی طرف سے بچوں کےلئے مختلف کھیلوں کا اہتمام بھی کیا گیا، ہال میں موجود بچوں نے کھیلوں میں گہری دلچسپی دکھائی اور بھرپور حصہ لیا، حصہ لینے والے بچوں کی تحائف کےساتھ حوصلہ افزائی کی گئی،عید گالا میں شریک خواتین و حضرات اور بچوں سے مختلف سوالات کیے گئے اور درست جواب دینے پر خوبصورت تحائف سے نوازا گیا، آخر میں پاکستان سپورٹ اینڈ کلچر ایسوسی ایشن کی پہلی سالگرہ کا کیک بھی کاٹا گیا۔
فرینکفرٹ میں پاکستانی فیملیز کیلئے عید گالہ سپیشل ایونٹ

















