واشنگٹن :(بیورورپورٹ) امریکہ میں پاکستانی سفیر رضوان سعید شیخ نے کہا ہے پاکستان پر حملہ ہوا تو بھرپور طاقت سے جواب دیں گے، بھارت اپنی جابرانہ پالیسیوں، انتخابی مجبوریوں یا انتظامی کوتاہیوں کا بوجھ پاکستان پر نہیں ڈال سکتا۔
امریکی ٹی وی کو انٹرویو دیتے ہوئے رضوان سعید شیخ نے کہا پاکستان نے ہمیشہ ذمہ داری اور صبر و تحمل کا مظاہرہ کیا، امن کے خواہاں ہیں تاہم کمزوری نہ سمجھا جائے اگر پاکستان کےخلاف کسی قسم کی مہم جوئی ہوئی تو بھرپور قوت سے جواب دیں گے، خطے میں کشیدگی نہیں چاہتے لیکن اگر دو جوہری طاقتیں آمنے سامنے آئیں تو حالات کیا شکل ہوں گے کچھ نہیں کہا جا سکتا۔
پاکستانی سفیر نے کہامعاشی ترقی امن کی متقاضی ہے لیکن باوقار امن پر یقین رکھتے ہیں، بھارت کی جانب سے تاحال کسی قسم کا کوئی بھی ثبوت پاکستان یا دنیا کے سامنے نہیں رکھا گیا،بھارت اپنی جابرانہ پالیسیوں، انتخابی مجبوریوں یا انتظامی کوتاہیوں کا بوجھ پاکستان پر نہیں ڈال سکتا۔
رضوان سعید شیخ نے کہا اگر 7 لاکھ فوج کی موجودگی بھی مقبوضہ کشمیر میں امن کو یقینی نہیں بنا سکتی تو بھارت کیلئے لمحہ فکریہ ہے، پاکستان دہشت گردی سے سب سے زیادہ متاثرہ ملک ہے، جنگ میں ہزاروں جانوں اور اربوں ڈالر کا مالی نقصان اٹھایا۔
حملہ ہوا تو بھرپور طاقت سے جواب دینگے: رضوان سعید شیخ

















