مشرق کی خبر پر ایکشن، ریونیو ملازمین کیخلاف کارروائی کی رپورٹ7 یوم میں پیش کرنے کے احکامات

لاہور (انوسٹی گیشن سیل / میاں ذیشان سے) روزنامہ مشرق کی خبر پر ایکشن، ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر (ریونیو) لاہور صہیب بٹ بورڈ آف ریونیو کی ہدایات پر عملدرآمد کرنے میں ناکام ہو گئے، تین ماہ کا عرصہ گزر جانے کے باوجود حلقہ پٹواری اچھرہ اور ریونیو افسر کے خلاف کارروائی کی رپورٹ بورڈ آف ریونیو کو ارسال نہ کرنے پر تشویش کا اظہار، 7 یوم کے اندر ریونیو ملازمین کے خلاف ہونے والی کارروائی کی رپورٹ مرتب کر کے سیکرٹری ٹیکسز پنجاب کو پیش کی جائے، کمشنر لاہور، اے ڈی سی آر آفس سے ریونیو ملازمین کے خلاف کی جانیوالی کارروائی کی رپورٹ فراہمی کے احکامات جاری کریں، مراسلہ جاری کر دیا گیا۔ تفصیلات کے مطابق روزنامہ مشرق نے مورخہ 8 اپریل 2025 کو نشاندہی کی تھی کہ تحصیل ماڈل ٹاﺅن کے پٹوار سرکل موضع اچھرہ میں تعینات پٹواری عبید اللہ گورائیہ اور ریونیو آفیسر ملک محمد اقبال نے لاہور کے پوش علاقہ گلبرگ میں واقع انتہائی قیمتی اربوں روپے مالیت کی سرکاری اراضی بھاری رشوت وصولی کے عوض جعلسازی سے اختیارات کا ناجائز استعمال کرتے ہوئے پرائیویٹ افراد کے نام منتقل کر دی ہے۔ سابقہ ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر (ریونیو) لاہور کا اراضی منتقلی کے حوالے سے لف شدہ احکامات بھی بوگس نکلے۔ بورڈ آف ریونیو کی انسپکشن اینڈ آڈٹ ٹیم نے اپنا رپورٹ میں انکشاف کیا تھا کہ پٹوار سرکل اچھرہ میں بروئے انتقال نمبر 60409 (پروونشل ٹرانسفر آرڈر) رقبہ تعدادی 6 کنال 8 مرلے 211 مربع فٹ کے ہمراہ ٹرانسفر آرڈر نمبر 19425 کی تصدیق شدہ نقل لف نہ کی گئی ہے۔ عبید اللہ پٹواری اور ملک اقبال نائب تحصیلدار کو بار ہا درخواست کی گئی ہے کہ ٹرانسفر آرڈر کی مصدقہ کاپی مہیا کی جائے جس کی بنا کر انتقال تصدیق کیا گیا ہے لیکن متعلقہ پٹواری اور ریونیو آفیسر ٹرانسفر آرڈر کی مصدقہ کاپی مہیا کرنے سے قاصر رہے ہیں جبکہ جس ٹرانسفر آرڈر کو بنیاد بناتے ہوئے انتقال تصدیق کیا گیا ہے وہ ٹرانسفر آرڈر متعلقہ محکمہ سے تصدیق شدہ نہ ہے اور نہ تو ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر (ریونیو) لاہور کی اجازت لینا مناسب سمجھا گیا ہے اور نہ ہی ویریفائی کروایا گیا ہے۔ مزید معلوم ہوا ہے کہ سیکرٹری ٹیکسز پنجاب خالد محمود ٹیپو کی جانب سے کمشنر لاہور کو مراسلہ جاری کیا گیا ہے جس میں انکشاف کیا گیا ہے کہ مورخہ 19-03-2025 کے مراسلہ میں درخواست کی گئی تھی کہ عبید اللہ پٹواری اور ملک محمد اقبال ریونیو آفیسر کے خلاف کارروائی کی جائے، جنہوں نے اے ڈی سی آر لاہور کی اجازت کے بغیر پی ٹی ڈی کی بنیاد پر انتقال نمبر 60409 کی منظوری دی اور ٹرانسفر آرڈر نمبر 19425 کی تصدیق شدہ کاپی دستیاب نہ ہونے پر سیٹلمنٹ ونگ بورڈ پنجاب کی ہدایات کی خلاف ورزی کی گئی ہے۔ مراسلہ میں مزید بتایا گیا ہے کہ مذکورہ افسر/ اہلکار کے خلاف کارروائی شروع کرنے کے حوالے سے ابھی تک ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر ریونیو لاہور کے دفتر سے کوئی رپورٹ موصول نہیں ہوئی۔ کمشنر لاہور سے درخواست کی جاتی ہے کہ متعلقہ دفتر کو ہدایت کی جائے کہ وہ ممبر ٹیکسز، بورڈ آف ریونیو، پنجاب کے مشاہدے کیلئے 25-04-2025 تک اس معاملے میں کی گئی کارروائی کی رپورٹ اس دفتر کو فراہم کرے۔

لاہور (خصوصی رپورٹر) اس حوالے سے ترجمان ڈپٹی کمشنر لاہور کا کہنا ہے کہ ڈپٹی کمشنر لاہور سید موسیٰ رضا اور ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر (ریونیو) لاہور کی قیادت میں محکمہ ریونیو سے متعلقہ تمام معاملات میں شفافیت کو یقینی بنایا جا رہا ہے۔ الزام یا شک کی بنیاد پر کوئی کارروائی نہیں کی جا رہی۔ اگر کسی ریونیو افسر و ملازم کے خلاف کوئی پختہ ثبوت مہیا کئے جاتے ہیں تو قانون کے مطابق کارروائی عمل میں لائی جائیگی۔