کریک ڈاﺅن میں 17کروڑ کی سینکڑوں کلو منشیات برآمد

لاہور (کرائم رپورٹر سے) ملک بھر میں انسداد سمگلنگ کارروائیوں میں 17کروڑ روپے سے زائد کی سینکڑوں کلو منشیات برآمد کرلی گئی۔ترجمان کے مطابق تعلیمی اداروں اور ملک کے مختلف شہروں میں منشیات سمگلنگ کے خلاف اینٹی نارکوٹکس فورس کا کریک ڈاﺅن جاری ہے۔ اس دوران 7مختلف کارروائیوں میں 12ملزمان کو گرفتار کرکے 17کروڑ روپے سے زائد مالیت کی 685کلو گرام منشیات برآمد کرلی گئی ہے۔حکام نے سمبڑیال، سیالکوٹ میں یونیورسٹی کے قریب خاتون سمیت ملزم سے 800گرام آئس برآمد کرلی۔ ملزمان نے تعلیمی اداروں کے طلبا کو منشیات فروخت کرنے کا اعتراف بھی کیا ہے۔لاہور میں کوریئر آفس سے آسٹریلیا بھیجے جانیوالے پارسل سے 510گرام آئس برآمد ہوئی۔ اسی طرح سرانان بازار پشین کے قریب گاڑی کے خفیہ خانوں سے 612کلو افیون برآمد کرکے ملزم کو گرفتار کرلیا گیا ۔دوسری جانب سہراب گوٹھ کراچی میں بس ٹرمینل کے قریب 2گاڑیوں سے 54کلو چرس برآمد کرکے 2ملزمان کو گرفتار کیا گیا ہے۔ ادھر ساﺅتھ ایشین پورٹ ٹرمینل کراچی پر ACیونٹ میں چھپائی گئی 9.6کلو ہیروئن برآمد کرکے موقع پر موجود 2 ملزمان کو گرفتار کیا گیا۔علاوہ ازیں سٹی بائی پاس سکھر کے قریب 4خواتین سے 8کلو چرس برآمد ہوئی جب کہ حاجی کیمپ پشاور میں ملزم سے 100گرام نشہ آور گولیاں برآمد کرلی گئیں۔تمام کارروائیوں میں گرفتار ملزمان کے خلاف انسداد منشیات ایکٹ کے تحت مقدمات درج کر کے تحقیقات کا آغاز کر دیا گیا ہے۔