اسلام آباد: (بیورورپورٹ) کویت بھی پاکستان پر مہربان،تیل کریڈٹ کی سہولت میں 2 سال کی توسیع کر دی، ادھار تیل کی سہولت کویتی پٹرولیم کی جانب سے پی ایس او کو دی گئی۔
کویتی سفیر نے وزیرپٹرولیم علی پرویز ملک کوآگاہ کر دیا،ملاقات میں توانائی شعبے میں دوطرفہ تعاون کو مضبوط بنانے پر بھی اتفاق کیا گیا۔
علی پرویز ملک نے کہا کویت و دیگر برادر ممالک کی حمایت سے مشکل معاشی حالات میں کامیابی ملی،پاکستان کےلئے خصوصی رعایت پر کویت کا شکریہ ادا کرتے ہیں، وزیراعظم شہباز شریف کویت کے عوام، امیر کویت اور ولی عہد کےلئے بے پناہ محبت ، احترام رکھتے ہیں۔
کویتی سفیر نے کہا وزیراعظم شہباز شریف کی قیادت میں پاکستان نے معاشی ترقی کی ۔
وزارت پٹرولیم کے مطابق پاکستان کویت سے سالانہ 2ملین ٹن تیل درآمد کرتا ہے، پاکستان کو ماضی میں تیل کریڈٹ کی سہولت ایک سال کیلئے دی جاتی تھی، کویت نے اب 2سال کیلئے پاکستان کو ادھار تیل کی سہولت دی ۔
کویت بھی پاکستان پر مہربان،ادھار تیل کی سہولت میں 2 سال توسیع


















