انسداد پولیو مہم میں خامیوں کو دور کرنا لازم ہے:خواجہ عمران نذیر

لاہور (ہیلتھ رپورٹر) صوبائی ٹاسک فورس برائے انسداد پولیو نے لاہور اور ڈیرہ غازیخان سے حاصل کئے گئے ماحولیاتی نمونوں میں پولیو وائرس کی موجودگی پر گہری تشویش کا اظہار کیا ہے اورفیصلہ کیا ہے کہ آئندہ انسداد پولیو مہم میں ان دونوںاضلاع میں مسڈچلڈرن کی کوریج کیلئے خصوصی اقدامات کئے جائیں گے۔ٹاسک فورس کا اعلیٰ سطحی اجلاس صوبائی وزیر صحت خواجہ عمران نذیر کی زیر صدارت سول سیکرٹریٹ میں منعقد ہوا جس میں وزیراعلیٰ پنجاب کی فوکل پرسن برائے انسداد پولیوعظمیٰ کاردار، چیف سیکرٹری پنجاب زاہد اختر زمان، صحت، تعلیم کے محکموں کے سیکرٹریز،عالمی ادارہ صحت ( ڈبلیو ایچ او ) سمیت بین الاقوامی شراکت دار اداروں کے نمائندوں نے شرکت کی جبکہ تمام ڈویژنل کمشنرز اور ڈپٹی کمشنرز ویڈیو لنک کے ذریعے شریک ہوئے۔اجلاس میں لاہور اور ڈیرہ غازیخان میں ماحولیاتی نمونوں میں پولیو وائرس کی موجودگی پر گہری تشویش کا اظہار کیا گیا اور فیصلہ کیا گیا کہ آئندہ انسداد پولیو مہم کے دوران ان اضلاع میں مسڈ چلڈرن کی کوریج کو یقینی بنانے کیلئے مربوط حکمت عملی اختیار کی جائیگی۔صوبائی وزیر صحت خواجہ عمران نذیر نے کہا کہ پولیو کے مکمل خاتمے کیلئے انسداد پولیو مہم میں موجود خامیوں کو دور کرنا لازم ہے۔ انہوں نے کہا کہ پولیو ورکرز کو فیلڈ میں مکمل تحفظ اور ہر ممکن تعاون فراہم کیا جائیگا۔ انہوں نے مزید بتایا کہ محکمہ صحت میں ضم ہونے والا پاپولیشن ویلفیئر کا عملہ بھی مہم میں خدمات سرانجام دے گا۔چیف سیکرٹری پنجاب نے 21 اپریل سے شروع ہونے والی انسداد پولیو مہم کو کامیاب بنانے کے لئے تمام ڈپٹی کمشنرز کو ہدایت دی کہ وہ ذاتی طور پر مہم کی مانیٹرنگ کریں۔ انہوں نے ڈیٹا کی ڈیجیٹائزیشن، پولیو ورکرز کی جدید تربیت اور ٹیکنالوجی کے موثر استعمال پر زور دیا تاکہ مطلوبہ نتائج حاصل کیے جا سکیں۔محکمہ صحت کے حکام نے اجلاس کو تفصیلی بریفنگ دیتے ہوئے بتایا کہ صوبہ بھر میں انسداد پولیو مہم کا آغاز 21 اپریل سے ہوگا۔ لاہور، فیصل آباد اور راولپنڈی میں یہ مہم 27 اپریل تک جاری رہے گی، جبکہ دیگر اضلاع میں 25 اپریل تک مکمل کی جائیگی۔ بچوں کو پولیو سے بچا¶ کے قطرے پلانے کیلئے خصوصی موبائل اور ٹرانزٹ ٹیمیں تشکیل دے دی گئی ہیں۔