لاس اینجلس اولمپکس: کرکٹ کے مقابلوں کی میزبانی کیلئے گراونڈ کا اعلان

لاس اینجلس (مشرق نیوز) انٹرنیشنل اولمپکس کمیٹی نے 2028 لاس اینجلس اولمپکس میں کرکٹ کے مقابلوں کی میزبانی کیلئے گراونڈ کا اعلان کردیا۔ میڈیا رپورٹس کے مطابق جنوبی کیلیفورنیا کے پومونا میں فیئر گراونڈز جسے سرکاری طور پر فیئر پلیکس کہا جاتا ہے وہ تقریباً 500 ایکڑ پر پھیلا ہوا ہے، 1922 میں یہ گراونڈ لاس اینجلس کاونٹی کے کنسرٹس، شوز، کھیلوں اور ثقافتی سرگرمیوں کا بھی مرکز رہا ہے اسے کرکٹ کیلئے استعمال کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔

لاس اینجلس اولمپکس 2028 کے سی ای او رینالڈ ہوور نے کہا ہے کہ ہم نے دنیا سے ایک ناقابل یقین اولمپک گیمز منعقد کروانے کا وعدہ کیا ہے جس کیلئے بھرپور محنت کررہے ہیں۔ اس موقع پر انٹرنیشنل کرکٹ کونسل کے چیئرمین جے شاہ نے پیشرفت کا خیرمقدم کیا ہے اور اعلان کو اولمپکس میں کرکٹ کی واپسی کو اہم قدم قرار دیا ہے۔

انہوں نے کہا کہ کرکٹ کی اولمپکس میں شمولیت کے بعد اسے مزید مقبولیت ملے گی۔ قبل ازیں گزشتہ ہفتے انٹرنیشنل اولمپکس کمیٹی نے 2028 میں لاس اینجلس میں شیڈول اولمپکس میں مینز اور ویمنز کی 6، 6 ٹیمیں شامل کرنے کا فیصلہ کیا تھا۔

لاس اینجلس اولمپکس 2028 میں میں کرکٹ ٹی 20 فارمیٹ میں کھیلی جائے گی جس میں مینز اور ویمنز کے ایونٹس میں 6، 6 ٹیمیں ہوں گی جس کیلئے 90، 90 کھلاڑیوں کا کوٹہ الاٹ کیا جائیگا، ہر ٹیم 15، 15 کھلاڑیوں پر مشتمل ہو گی۔ یاد رہے کہ 128 سال کے طویل عرصے بعد اولمپکس میں کرکٹ کی واپسی ہو رہی ہے، سال 1900 میں آخری بار پیرس گیمز میں کرکٹ کا کھیل کھیلا گیا تھا۔