لاہور (خبرنگار) نیشنل ٹرانسمیشن اینڈ ڈسپیچ کمپنی (این ٹی ڈی سی) کے زیر اہتمام ”پراجیکٹ مینجمنٹ اور تنازعات کے حل“ کے موضوع پر لاہور کے مقامی ہوٹل میں گزشتہ روز سیمینار کا انعقاد کیا گیا۔ اس سیمینار میں اٹلی سے تعلق رکھنے والے ممتاز بین الاقوامی ماہر ڈاکٹر رومانو ایلیونے نے شرکت کی اور شرکا کو پراجیکٹ مینجمنٹ سے متعلق موثر حکمت عملی اور تنازعات کے حل کے طریقہ کار پر ایک جامع پریزنٹیشن دی۔ ڈاکٹر رومانو ایلیونے تربیلا ڈیم منصوبے میں پراجیکٹ منیجر اور ڈی آر بی ایف اور فیڈک ایڈجوڈیکیشن کے چارٹرڈ ممبر کے طور پر خدمات انجام دے چکے ہیں۔ اس موقع پر چیئرمین بورڈ آف ڈائریکٹرز این ٹی ڈی سی ڈاکٹر فیاض احمد چوہدری، منیجنگ ڈائریکٹر انجینئر وسیم یونس بھی موجود تھے۔ سیمینار میں جنرل منیجرز اور چیف انجینئرز سمیت این ٹی ڈی سی کے افسران کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔ ڈاکٹر رومانو ایلیونے نے اپنی پریزنٹیشن کے دوران تربیلا ڈیم اور دنیا بھر میں دیگر منصوبوں پر کام کے دوران ہونے والے اپنے تجربات بیان کئے اور ان منصوبوں کی تعمیر کے دوران پیش آنے والے چیلنجز کے بارے میں آگہی دی۔ انہوں نے خاص طور پر شیڈول کے مطابق منصوبوں کی تکمیل اور وسائل کے بہتر استعمال کیلئے موثر پراجیکٹ مینجمنٹ، اونرشپ اور مناسب وقت پر فیصلہ کرنے کی اہمیت کو اجاگر کیا۔ انہوں نے تنازعات سے بچنے کیلئے اقدامات کی اہمیت پر بھی زور دیا اور تنازعات کے فیصلوں سے متعلق معاہدے کی اہم شقوں کی بھی وضاحت کی۔ اس موقع پر چیئرمین بورڈ ڈاکٹر فیاض احمد چوہدری نے بھی پراجیکٹ مینجمنٹ سے متعلق اپنے خیالات کا اظہار کیا اور کہا کہ منصوبوں کی بروقت تکمیل کےلئے مناسب ہوم ورک ناگزیر ہے۔ انہوں نے ڈاکٹر رومانو کی مہارت کی تعریف کی اور کہا کہ این ٹی ڈی سی افسران لیکچر کے دوران پیش کئے گئے طریقہ کار کو پراجیکٹ مینجمنٹ کے اصولوں میں شامل کریں۔ منیجنگ ڈائریکٹر انجینئر وسیم یونس نے بھی ڈاکٹر رومانو کی خدمات کو سراہا اور کہا کہ این ٹی ڈی سی افسران کو ان کے تجربات سے فائدہ اٹھانا چاہئے۔ جنرل منیجر ہیومن ریسورس انجینئر سہیل ممتاز باجوہ نے شرکا کو اپنے تجربات سے آگاہ کرنے پر ڈاکٹر رومانو ایلیونے کا شکریہ ادا کیا۔ لیکچر کے بعد سوال و جواب کا ایک سیشن ہوا جس دوران ڈاکٹر رومانو ایلیونے نے شرکاءکے سوالات کے تسلی بخش جوابات دیئے۔ آخر میں ڈاکٹر رومانو ایلیونے کو ان کی خدمات کے اعتراف میں یادگاری شیلڈ بھی پیش کی گئی۔ پراجیکٹ مینجمنٹ کے ماہر انجینئر معین الدین شیخ نے بھی سیمینار میں شرکت کی۔
این ٹی ڈی سی کے زیر اہتمام ”پراجیکٹ مینجمنٹ اور تنازعات کے حل“ پر سیمینار



















